بی جے پی رکن پارلیمنٹ بی سی کھنڈوری کے بیٹے منیش کانگریس میں شامل

لوک سبھا انتخابات کے لئے کانگریس کی طرف سے منعقد ’پریورتن ریلی‘ میں منیش نے کانگریس صدر راہل گاندھی کی موجودگی میں پارٹی میں شامل ہونے کا اعلان کیا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

دہرہ دون: اتراکھنڈ کے سابق وزیر اعلی اور بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے رکن پارلیمنٹ بی سی کھنڈوری (بھون چند کھنڈوری) کے بیٹے منیش کھنڈوری ہفتہ کے روز کانگریس میں شامل ہو گئے۔ لوک سبھا انتخابات کے لئے کانگریس کی طرف سے منعقد ’پریورتن ریلی‘ میں منیش نے کانگریس صدر راہل گاندھی کی موجودگی میں پارٹی میں شامل ہونے کا اعلان کیا۔ میڈیا رپورٹوں کے مطابق منیش کھنڈوری پوڑی گڑھوال سے انتخابات لڑ سکتے ہیں۔

اتراکھنڈ کے سابق وزیر اعلیٰ بی سی کھنڈوری کو گزشتہ سال دفاعی امور کی مستقل پارلیمانی کمیٹی کے عہدہ صدارت سے ہٹا دیا گیا تھا۔ اس کا تذکرہ کرتے ہوئے راہل گاندھی نے کہا، ’’بی سی کھنڈوری نے تمام زندگی فوج میں گزاری، لیکن جب انہوں نے پارلیمنٹ میں قومی سلامتی کے معاملات پر حکومت کی طرف سے اٹھائے گئے اقدام کے برے میں کہا تو انہیں پارلیمانی کمیٹی کے عہدہ صدارت سے ہٹا دیا گیا۔‘‘

بی جے پی نے گزشتہ روز بی سی کھنڈوری کو منانے کی پوری کوشش کی تھی، اتراکھنڈ کے وزیر اعلیٰ ترویندر سنگھ راوت نے بی جے پی کے ریاستی صدر اجے بھٹ کھنڈوری سے دہلی میں ملاقات بھی کی لیکن بات نہیں بن سکی۔ اتراکھنڈ کے صدر اجے بھٹ نے گزشتہ دنوں کہا تھا کہ منیش کھنڈوری پارٹی کے رکن نہیں ہیں، لہذا اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ وہ کس پارٹی میں شمولیت اختیار کرتے ہیں۔

واضح رہے کہ بی سی کھنڈوری 2007 سے 2009 تک اتراکھنڈ کے وزیر اعلیٰ رہے تھے۔ وہ 2014 میں گڑھوال سے رکن پارلیمنٹ منتخب ہوئے تھے۔ پہلی بار وہ 1991 میں گڑھوال سے رکن پارلیمنٹ منتخب ہوئے تھے۔ سال 2000 میں اٹل بہار واجپئی نے انہیں مرکزی وزیر بنایا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔