منڈی: دہلی سے کسول جا رہی ٹورسٹ بس پہاڑی سے ٹکرا کر اُلٹ گئی،31 مسافر زخمی
بس میں ڈرائیور اور کنڈکٹر سمیت 38 افراد سوار تھے۔ زخمیوں میں 8 کی حالت سنگین بتائی جا رہی ہے، جنہیں بہتر علاج کے لیے نیر چوک میڈیکل کالج ریفر کیا گیا ہے۔

ویڈیو گریب
ہماچل پردیش کے منڈی ضلع کے کیرت پور-منالی فورلین پر اتوار کی صبح 4 بجے چار میل کے پاس ایک لگژری ٹورسٹ بس کے اُلٹ جانے سے 31 مسافر زخمی ہو گئے۔ یہ بس دہلی سے سیاحوں کو لے کر کسول (کلو منالی) کی طرف جا رہی تھی۔ زخمیوں میں 8 کی حالت سنگین بتائی جا رہی ہے، جنہیں بہتر علاج کے لیے نیر چوک میڈیکل کالج ریفر کیا گیا ہے جبکہ معمولی چوٹ لگنے والوں کو علاج کے بعد اسپتال سے چھٹی دے دی گئی ہے۔ ابتدائی اطلاع کے مطابق بس میں ڈرائیور اور کنڈکٹر سمیت 38 افراد سوار تھے۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور مقامی انتظامیہ کی ٹیم جائے وقوع پر پہنچ گئی اور فوری طور پر راحت و بچاؤ کام شروع کر دیا۔ مقامی لوگوں نے بھی زخمیوں کو بس سے باہر نکالنے میں کافی مدد کی، جس سے بس میں سوار مسافروں کو بس سے بحفاظت نکالا جا سکا۔
اے ایس پی منڈ ساگر نے بتایا کہ ابتدائی جانچ میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ بس کی رفتار کافی تیز تھی جس سے ڈرائیور گاڑی پر اپنا کنٹرول نہیں رکھ سکا اور بس سڑک سے پھسل کر اُلٹ گئی۔ انہوں نے کہا کہ معاملے کی جانچ کی جا رہی ہے اور ڈرائیور سے پوچھ تاچھ کی جائے گی کہ وہ نیند میں تھا یا دیگر کسی تکنیکی خرابی کی وجہ سے یہ حادثہ ہوا۔
حادثے میں زخمی ہونے والوں کے نام ہیں کایوری، لیون، پرتھم، سورج، پرشانت، پلکشا، دیپک، سشما، دھننجے، ابھیجیت، شیوانگی، مسکان، رنجئے، رونک پرمار، سنیل، ہریہر، راج شیکھر، اندرا، راجندر، اشمئے وغیرہ۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔