فوجا سنگھ کو ٹکر مارنے کا مشتبہ ملزم گرفتار، سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے پولیس کی کارروائی

114 سالہ فوجا سنگھ کو سڑک پار کرتے وقت گاڑی نے ٹکر ماری، جس سے ان کا انتقال ہو گیا۔ سی سی ٹی وی کی مدد سے پولیس نے مشتبہ ڈرائیور کو گرفتار کیا، معاملہ عدالت میں زیر سماعت ہے

<div class="paragraphs"><p>فوجا سنگھ (فائل)۔ تصویر ’انسٹا گرام‘</p></div>

فوجا سنگھ (فائل)۔ تصویر ’انسٹا گرام‘

user

قومی آواز بیورو

پنجاب پولیس نے جالندھر-پٹھان کوٹ ہائی وے پر 114 سالہ معروف میراتھن رنر فوجا سنگھ کی ہٹ اینڈ رنگ واقعہ کے لیے مبینہ طور سے ذمہ دار شخص کو گرفتار کر لیا ہے۔

آئی اے این ایس کی رپورٹ کے مطابق ملزم امرت پال سنگھ ڈھلوں بنیادی طور سے جالندھر کے کرتار پور کا رہنے والا 26 سالہ غیر مقیم ہندوستانی (این آر آئی) ہے۔ پنجاب پولیس نے واقعہ کے دو دن بعد اسے گرفتار کر لیا۔ ڈھلوں اپنے کنبہ کے ساتھ کینیڈا میں رہتا ہے۔ مبینہ طور پر ایک ہفتے پہلے ہی ہندوستان آیا تھا۔ پولیس افسروں نے تصدیق کی ہے کہ حادثہ کے وقت ڈھلوں ایک ٹویوٹا فارچیونر چلا رہا تھا۔ گاڑی برآمد کر لی گئی ہے۔


پولیس کے مطابق ڈھلوں نے اپنا جرم قبول کر لیا ہے۔ اس نے بتایا کہ حادثہ کے وقت وہ بھوگپور سے کشن گڑھ جا رہا تھا اور گاڑی میں اکیلا تھا۔ فوجا سنگھ پنجاب میں اپنے آبائی گاؤں کے پاس ایک سڑک پار کر رہے تھے تبھی ڈھلوں کی تیز رفتار گاڑی نے اسے ٹکر مار دی۔ ان کے سر میں شدید چوٹیں آئیں اور بعد میں ان کا انتقال ہو گیا۔

پولیس کو ملزم کو پکڑنے میں کامیابی اس وقت ملی جب آس پاس کے سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج کے ذریعہ فارچیونر کا پتہ لگا۔ پولیس نے ڈھلوں کو اس کے گاؤں تک ٹریک کیا جہاں سے اسے حراست میں لے لیا گیا۔ آدم پور پولیس اسٹیشن میں ایک ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔ ڈھلوں پر بھارتیہ نیائے سنہتا (بی این ایس) کی متعلقہ دفعات کے تحت معاملہ درج کیا گیا ہے۔


واضح رہے کہ فوجا سنگھ نے 100 سال سے زیادہ کی عمر کے بعد بھی میراتھن دوڑ میں حصہ لے کر لاکھوں لوگوں کو اپنی حوصلہ مندی سے متاثر کیا۔ انہوں نے زندگی کے آخری برسوں میں میراتھن دوڑنا شروع کیا اور بتایا جاتا ہے کہ انہوں نے 100 سے زیادہ میراتھن دوڑ مکمل کی۔ یکم اپریل 1911 کو جالندھر کے قریب بیاس پنڈ میں غیر منقسم پنجاب میں پیدا ہوئے فوجا سنگھ نے 1994 میں ایک حادثہ میں اپنے پانچویں بیٹے کی موت کے بعد اپنے غم سے ابرنے کے لیے دوڑنا شروع کیا تھا۔

1990 کی دہائی میں انگلینڈ جانے کے بعد 89 سال کی عمر میں فوجا سنگھ نے بین الاقوامی ٹورنامنٹ میں حصہ لیا اور جلد ہی بین الاقوامی میراتھن میں حصہ لینے لگے۔ اپنے بیٹے کے ساتھ الفورڈ میں آباد فوجا سنگھ جلد ہی دنیا بھر میں مشہور ہو گئے کیونکہ انہوں نے 90 سے زیادہ کی عمر میں کئی ریکارڈ بنائے۔ میراتھن کے علاوہ انہوں نے ماسٹرس زمرے میں کئی لمبی دوری کے دوڑ مقابلوں میں بھی حصہ لیا۔ 100 سال کی عمر میں انہوں نے ایک ہی دن میں 8 عالمی عمر زمرے کے ریکارڈ مکمل کیے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔