سونیا گاندھی کی مدعو اپوزیشن جماعتوں کی ویڈیوکانفرنسنگ میں ممتا شرکت کریں گی

لیبر قانون میں ترمیم اور ریاستوں کے حقوق کو نظر انداز کئے جانے جیسے مسئلے پر غور کرنے اور حکومت پر دباؤ بنانے کانگریس صدر سونیا گاندھی نےاپوزیشن جماعتوں کی میٹنگ بلائی ہے۔

سوشل میڈیا
سوشل میڈیا
user

یو این آئی

وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے کانگریس صدر سونیا گاندھی کے ذریعہ مدعو اپوزیشن جماعتوں کی میٹنگ میں شرکت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے جاری لاک ڈاؤن،غیر مقیم مزدوروں کا بڑے پیمانے پر گھر پہنچنے کیلئے پیدل مارچ کرنا،مرکزی و بی جے پی زیر اقتدار ریاستوں کے ذریعہ لیبر قانون میں ترمیم اور ریاستوں کے حقوق کو نظر انداز کئے جانے جیسے مسئلے پر غور کرنے اور حکومت پر دباؤ بنانے کے لئے کانگریس صدر سونیا گاندھی نے اپوزیشن جماعتوں کی میٹنگ بلائی ہے۔ذرائع کے مطابق اس میٹنگ کی صدارت کانگریس صدر سونیا گاندھی کریں گی۔


کانگریس صدر سونیا گاندھی کی دعوت پر 17اپوزیشن جماعتوں نے میٹنگ میں شرکت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔سماجوادی پارٹی اور بہوجن سماجوادی پارٹی نے اب تک اس میٹنگ میں شرکت سے متعلق کوئی فیصلہ نہیں کیا ہے۔

25مارچ سے ملک بھر میں لاک ڈاؤن نافذ ہیں،ملک بھر میں پھنسے غیر مقیم مزدور اپنے گھر جانے کیلئے سائیکل،پیدل اور ٹرک کے ذریعہ روانہ ہوگئے ہیں۔درجنوں افراد کی سڑک حادثہ میں موت ہوگئی ہے۔غیر مقیم مزدوروں کے معاملے پر اپوزیشن جماعتیں حکومت کی سخت تنقید کررہی ہیں۔


کانگریس اور اپوزیشن جماعتیں اس بات پر بھی ناراض ہیں کہ مرکزی حکومت نے اترپردیش، مدھیہ پردیش اور گجرات کو لیبر قانون میں تبدیل لانے کی اجازت دے دی ہے۔کہا جارہا ہے کہ قانون میں تبدیلی صنعت کاروں کو راغب کرنے کیلئے کی جارہی ہے۔

وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے اپوزیشن جماعتوں کی میٹنگ میں شرکت کیلئے آج منظوری دیدی ہے۔ممتا بنرجی نے نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ جی ہاں میں جمعہ کی شام کو ہونے والی اپوزیشن جماعتوں کی میٹنگ میں شرکت کروں گی۔اس میٹنگ میں کورونا وائرس 19سے پیدا ہونے والی صورت حال پر غور کیا جائے گا۔


ترنمول کانگریس کے سینئر لیڈر نے کہا کہ کورونا وائرس سے نمٹنے میں مرکزی حکومت مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے۔اب وہ اپنی ناکامی کا ٹھیکرا ریاستی حکومتوں کے سر پھوڑنے کی کوشش کررہی ہے۔مرکزی حکومت کے ذریعہ اچانک لاک ڈاؤن نافذ کئے جانے کی وجہ سے ملک بھر میں کروڑوں مزدور پریشانی میں ہیں۔

جمعہ کو سہ پہر تین بجے اپوزیشن جماعتوں کی ویڈیو کانفرنسنگ ہوگی۔2019˜کے پارلیمانی انتخاب میں بی جے پی مخالف جماعتوں کی شکست کے بعد اپوزیشن جماعتوں کی یہ پہلی ویڈیو میٹنگ ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */