ممتا بنرجی کا وزیر اعظم کو چیلنج، 'من کی بات' میں JEE-NEET امتحان پر طلبا سے بات کریں

وزیر اعظم اپنے پروگرام ’من کی بات‘ میں طلبا سے کورونا بحرا ن کے دور میں نیٹ اور جی ای ای امتحانات کے انعقاد سے متعلق طلباء کے خیالات کو جانیں کہ وہ کیا سوچتے ہیں۔

تصویر سوشل میڈیا ٹویٹر بشکریہ ایشین ایج
تصویر سوشل میڈیا ٹویٹر بشکریہ ایشین ایج
user

یو این آئی

وزیر اعلیٰ ممتا بینرجی نے وزیرا عظم نریندر مودی کو چیلنج کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اپنے ماہانہ پروگرام ”من کی بات“ میں طلبا کو شامل کریں اور ان سے کورونا بحران کے دور میں جی ای ای اور نیت امتحانات کے انعقاد سے متعلق سوال پوچھیں۔

ممتا بنرجی نے اس کے ساتھ ہی یہ اعلان بھی کیا کہ ریاستی یونیورسٹی اور کالجوں میں فائنل ائیر کے امتحانات ستمبر کے مہینے میں منعقد نہیں ہوں گے۔انہوں نے ریاستی وزیر تعلیم پارتھو چٹرجی سے کہا کہ اگلے ہفتے تک امتحانات سے متعلق مکمل شیڈول کا اعلان کریں۔ترنمول چھاتر پریشد کے یوم تاسیس کے موقع پر طلبا تنظیموں سے خطاب کرتے ہوئے ممتا بینرجی نے کہا کہ وزیر اعظم اپنے ماہانہ پروگرام من کی بات میں طلبا سے بات چیت کریں اور اس کے بعد ان سے کورونا بحرا ن کے دور میں نیٹ اور جی ای ای امتحانات کے انعقاد سے متعلق طلباء کے خیالات کو جانیں وہ کیا سوچتے ہیں۔


خیال رہے کہ مغربی بنگال سمیت 6ریاستوں نے سپریم کورٹ میں عرضی دائر کرکے نظرثانی کی اپیل کی ہے کہ ستمبر میں نیٹ اور جی ای ای امتحانات کے انعقاد پر از سرنو غور کیا جائے۔بدھ کو وزیرا علیٰ ممتا بنرجی اور کانگریس کی کار گزار صدر سونیا گاندھی، مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ ادوھوٹھاکرے اور چھتس گڑھ، راجستھان اور جھار کھنڈ کے وزرائے اعلی نے ورچوئیل میٹنگ کی تھی۔

ممتا بینرجی نے کہا ہےکہ ہم اپنے کالجوں اور یونیورسٹیوں میں ستمبر میں کوئی امتحان نہیں لے رہے ہیں۔ریاستی وزیر تعلیم پارتھو چٹرجی امتحانات کے انعقاد کے امکانات اور طریقہ کارپر صلاح و مشورہ کے بعد ستمبر کے بعد امتحانات کی تاریخوں کا اعلان کریں گے۔اور یہ اگلے ہفتے تک ہوجائے گا۔


ممتا بینرجی نے سوال کیا کہ طلبا امتحانات سنٹر پر کیسے پہنچیں گے۔ممتا بنرجی نے کہا کہ وہ سپریم کورٹ کی تنقید نہیں کررہی ہیں بلکہ یونیورسٹی گرانٹ کمیشن اور مرکزی حکومت کی تنقید کررہی ہے۔

ممتا بنرجی کے بھتیجے ابھیشیک بینرجی جو ترنمول کانگریس یوتھ کے سربراہ ہیں نے بھی نیٹ اور جی ای ای امتحانات کے انعقاد پر مرکزی حکومت کی سخت تنقید کی ہے۔انہوں نے کہا کہ امتحان سے قبل تمام طلبا کا ٹسٹ لیا جائے اور کیا یہ 30لاکھ طلبا کے تھوک کا نمونہ لینا آسان ہے اگر ان میں سے کوئی ایک بھی کورونا سے متاثر ہوگیا تو مرکزی حکومت اس کی پوری ذمہ داری لے گی۔آخر ڈیجیٹل انڈیا کا کیا ہوگیا۔اگر امریکہ میں آن لائن امتحانات ہوسکتے ہیں تو ہندوستان میں کیوں نہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔