’پھر ہوگا کھیلا، لیکن...‘، ممتا بنرجی نے کی اقلیتی طبقہ سے متحد رہنے کی اپیل

ممتا بنرجی نے بی جے پی پر الزام عائد کیا کہ وہ مذہب کے نام پر لوگوں کو گمراہ کرتی ہے، ہم سبھی مذہبی مقامات کا احترام کرتے ہیں اور ہم ان مذہبی مقامات کے نام پر سیاست کرنے کے خلاف ہیں۔

<div class="paragraphs"><p>ممتا بنرجی، تصویر ٹوئٹر&nbsp;<a href="https://twitter.com/AITCofficial">@AITCofficial</a></p></div>

ممتا بنرجی، تصویر ٹوئٹر@AITCofficial

user

قومی آوازبیورو

مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے بدھ کو ریاست کے اقلیتی طبقہ سے متحد رہنے کی اپیل کی۔ ان کا کہنا ہے کہ کسی بھی طرح کی تقسیم سے بی جے پی کو مضبوط ہونے میں مدد ملے گی۔ ممتا بنرجی نے کہا کہ ’’بہت منفی تشہیر ہو رہی ہے۔ اس پر بالکل بھی یقین مت کیجیے۔ اگر آپ متحد نہیں ہوئے تو اس سے بی جے پی کو فائدہ ہوگا۔ اس لیے آج متحد رہنے سے متعلق حلف لینے کا دن ہے۔‘‘

وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے یہ بات ایک موبائل پیغام میں کہی ہے۔ اس پیغام کو بدھ کی دوپہر ترنمول کانگریس کے اقلیتی سیل کی میٹنگ میں سنایا گیا۔ وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر بولتے ہوئے’کھیلا ہوبے‘ (کھیل ہوگا) والے ماحول کا بھی تذکرہ کیا۔ یہ جملہ ان کی پارٹی کے یوتھ وِنگ کے ذریعہ تیار کیا گیا تھا اور 2021 کے مغربی بنگال اسمبلی انتخاب سے قبل بہت مقبول ہوا تھا۔ اس ’کھیلا ہوبے‘ جملے کا استعمال کرتے ہوئے ممتا بنرجی نے کہا کہ ’’آپ متحد رہیں گے تو ایک بار پھر سے کھیلا ہوگا۔‘‘


راجستھان، مدھیہ پردیش اور چھتیس گڑھ کے حال ہی میں ختم ہوئے اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کی زبردست جیت کے لیے کانگریس کو قصوروار ٹھہراتے ہوئے ممتا بنرجی نے کہا کہ ’’ان تینوں ریاستوں میں اپوزیشن ووٹوں کی تقسیم کے سبب بھگوا خیمہ کو انتخاب میں فائدہ ملا۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’حقیقت میں یہ بی جے پی کی جیت نہیں تھی۔ اپوزیشن متحد رہے گا تو بی جے پی کو ہرانا ممکن ہے۔ بنگال ہر حال میں بی جے پی کی شکست چاہتا ہے۔ بنگال کی نظر کسی کرسی پر نہیں ہے۔ وہ صرف عام لوگوں کے لیے جدوجہد کرے گا۔ بی جے پی ہمیشہ لوگوں کو بانٹنا چاہتی ہے، اس لیے ہمیں متحد رہ کر اس کی کوششوں کو ناکام کرنا ہے۔‘‘

اس دوران ممتا بنرجی نے بی جے پی پر مذہب کا نام لے کر لوگوں کو گمراہ کرنے کا الزام بھی عائد کیا۔ ٹی ایم سی چیف نے کہا کہ ہم سبھی مذہبی مقامات کا احترام کرتے ہیں اور ہم ان مذہبی مقامات کے نام پر سیاست کرنے کے خلاف ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔