ممتا بنرجی کا چیف الیکشن کمشنر کو خط، مغربی بنگال میں ووٹر لسٹ کی خصوصی نظرثانی منسوخ کرنے کا مطالبہ
ممتا بنرجی نے چیف الیکشن کمشنر کو خط لکھ کر ووٹر لسٹ کے خصوصی گہری سے نظرثانی عمل کو خطرناک اور ناقص منصوبہ بندی قرار دیتے ہوئے فوراً روکنے، ٹائم لائن بڑھانے اور مکمل جائزے کا مطالبہ کیا ہے

کولکاتا: مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے جمعرات کو چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کو ایک تفصیلی خط لکھ کر ووٹر لسٹ کی خصوصی گہری نظرثانی (ایس آئی آر) کو فوراً روکنے کا مطالبہ کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے اس عمل کو خطرناک، بغیر منصوبہ بندی اور انسانیت کے خلاف قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس نے پورے انتظامی نظام کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے اور زمینی سطح پر شدید افراتفری پیدا ہو گئی ہے۔
ممتا بنرجی نے اپنے خط میں نشاندہی کی کہ جو کام عام طور پر تین سال میں مکمل کیا جاتا ہے، اسے تین مہینوں کی ناقابلِ عمل مدت میں ٹھونسنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ ان کے مطابق اس غیر حقیقی ٹائم لائن نے بی ایل اوز (بوتھ لیول افسران) پر ایسا بوجھ ڈال دیا ہے کہ وہ انسانی حد سے زیادہ کام کرنے پر مجبور ہو چکے ہیں۔ انہوں نے لکھا کہ نہ مناسب تربیت دی گئی، نہ تکنیکی سہولیات فراہم کی گئیں، سرور بار بار فیل ہو رہا ہے اور آن لائن فارم جمع کرانے میں مسلسل دشواریاں پیش آ رہی ہیں۔
وزیر اعلیٰ نے اپنے خط میں سب سے افسوسناک واقعے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ جلپائی گوڑی کے مال علاقے میں ایک آنگن واڑی ورکر، جو بی ایل او کے طور پر متعین تھیں، ایس آئی آر کے شدید دباؤ کے سبب خودکشی کرنے پر مجبور ہو گئیں۔ ممتا نے کہا کہ یہ کوئی واحد واقعہ نہیں بلکہ اس کے بعد متعدد علاقوں سے بھی اسی طرح کی اموات کی خبریں سامنے آرہی ہیں، جو اس پورے عمل کے غیر انسانی ہونے کا ثبوت ہیں۔
ممتا بنرجی کے مطابق اس وقت ریاست میں دھان کی کٹائی اور آلو کی بوآئی کا عروج کا موسم چل رہا ہے۔ لاکھوں کسان اور مزدور کھیتوں میں مصروف ہیں، ایسے میں ان سے یہ توقع رکھنا کہ وہ گھر بیٹھ کر فارم بھریں، غیر حقیقت پسندانہ ہے۔ دوسری جانب بی ایل اوز کو دھمکیاں دی جا رہی ہیں، ان پر غیر ضروری دباؤ ڈالا جا رہا ہے اور ’وجہ بتاؤ نوٹس‘ جاری کیے جا رہے ہیں، جس سے ماحول مزید تناؤ کا شکار ہو گیا ہے۔
وزیر اعلیٰ نے خبردار کیا کہ غلط یا نامکمل اندراجات کی وجہ سے لاکھوں حقیقی ووٹرز کا نام ووٹر لسٹ سے خارج ہو سکتا ہے، جو براہِ راست جمہوری عمل کی بنیاد کو نقصان پہنچائے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ عمل صرف کاغذی کارروائی نہیں بلکہ لوگوں کی زندگی اور عزت سے جڑا ہوا معاملہ ہے۔
ممتا بنرجی نے الیکشن کمیشن سے اپیل کی کہ فوری طور پر ایس آئی آر عمل کو روکا جائے، بی ایل اوز کو مناسب تربیت اور مکمل تکنیکی مدد فراہم کی جائے، ٹائم لائن حقیقت پسندانہ رکھی جائے اور پوری مشق کا ازسرِ نو جائزہ لیا جائے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر فوری اصلاحات نہ کی گئیں تو یہ سلسلہ بہت خوفناک نتائج کا سبب بن سکتا ہے اور ریاست میں پہلے سے موجود تناؤ میں مزید اضافہ ہوگا۔
اس سے قبل بدھ کو وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر پوسٹ کرتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ ووٹر لسٹ کی خصوصی نظرثانی کے دباؤ میں ایک آنگن واڑی ورکر اور بی ایل او نے خودکشی کر لی، جس کے بعد ریاست بھر میں اس عمل کے خلاف ناراضگی پھیلتی جا رہی ہے۔