’جے شری رام‘ کا نعرہ نہیں لگانے پر ظلم کا شکار مسلمانوں کو ممتا بنرجی دیں گی معاوضہ

مدرسہ ٹیچر اور دیگر 2 لوگوں کو شر پسند عناصر نے اس لیے ٹرین سے دھکا دے دیا تھا کیونکہ انھوں نے ’جے شری رام‘ کا نعرہ نہیں لگایا۔ زخمیوں کو ممتا بنرجی نے 50-50 ہزار معاوضہ دینے کا اعلان کیا۔

حافظ محمد شاہ رخ ہلدر
حافظ محمد شاہ رخ ہلدر
user

قومی آوازبیورو

مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے کولکاتا میں ’جے شری رام‘ کا نعرہ نہیں لگانے اور مسلم ہونے کی وجہ سے ٹرین سے دھکیل دیئے جانے پر زخمی ہونے والے سبھی تین لوگوں کو معاوضہ دینے کا اعلان کیا ہے۔ ممتا بنرجی نے گزشتہ پیر کو ہوئے اس حادثہ سے متعلق کہا کہ ’’میں نے متاثرین سے بات کی ہے اور تینوں کے لیے 50-50 ہزار روپے معاوضہ دینے کا اعلان کیا ہے۔ ہم لوگ ایسے کسی بھی واقعہ کی مذمت کرتے ہیں اور اس تعلق سے پولس سخت کارروائی کرے گی۔ ہم ریاست میں ایسی چیزیں نہیں ہونے دیں گے۔‘‘

دراصل گزشتہ پیر کو مدرسہ ٹیچر اور دو دیگر مسلم اشخاص سے کچھ شر پسند عناصر نے کہا کہ وہ ’جے شری رام‘ کا نعرہ لگائیں۔ ایسا نہ کرنے پر انھیں چلتی ٹرین سے دھکا دے دیا گیا تھا۔ واقعہ میں زخمی ہوئے حافظ محمد شاہ رخ ہلدر نے میڈیا کو بتایا تھا کہ ’’کچھ لوگوں کے گروپ نے مجھ پر اور دو دیگر پر حملہ کیا۔ ہم لوگوں کو پیٹا گیا اور پھر ہم سبھی کو پارک سرکس ریلوے اسٹیشن پر ٹرین سے باہر پھینک دیا گیا۔‘‘


بہر حال، ممتا بنرجی نے بھاٹپاڑا سیاسی تشدد کے متاثرین کے لیے بھی معاوضے کا اعلان کیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی انھوں نے بدھ کے روز کہا کہ ریاست میں جرائم پیشوں کے خاتمہ کے لیے انکاؤنٹر ’اتر پردیش ماڈل‘ کی حمایت کرنے والے بی جے پی لیڈروں کے خلاف پولس کو نوٹس لینا چاہیے۔ ممتا بنرجی نے پورے ہندوستان میں لنچنگ کے واقعات کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ ملک ہر شہری کا ہے، بھلے ہی اس کی ذات، نسل اور مذہب کچھ بھی ہو۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔