شاہ رخ کی حمایت میں اتنے دنوں بعد آواز اٹھانے والی ممتا بنرجی کو ٹرولنگ کا سامنا

ممتا نے کہا ’’مہیش جی، آپ کو بھی نشانہ بنایا گیا تھا۔ شاہ رخ خان کو بھی۔ اگر ہمیں جیتنا ہے تو ہمیں لڑنا ہوگا۔ منھ کھولنا ہوگا۔ آپ ہماری رہنمائی کریں اور ایک سیاسی پارٹی کی طرح ہمیں صلاح دیں۔‘‘

ممتا بنرجی، تصویر یو این آئی
ممتا بنرجی، تصویر یو این آئی
user

قومی آوازبیورو

مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے مہاراشٹر کے دو روزہ دورہ کے آخری دن بالی ووڈ کے معروف اداکار شاہ رخ خان کی حمایت میں آواز بلند کی۔ انھوں نے سول سوسائٹی ممبرس کے سامنے شاہ رخ کی حمایت میں بیان دیتے ہوئے کہا کہ انھیں نشانہ بنایا جا رہا ہے جو مناسب نہیں۔ ممتا بنرجی نے لیڈروں، سماجی کارکنان، سابق ہائی کورٹ ججوں، مشہور ہستیوں اور لاکھوں لوگوں کی موجودگی میں یہ بیان دیا۔ انھوں نے مرکز میں برسراقتدار بی جے پی کو ظالم پارٹی بھی قرار دیا اور لوگوں سے متحد ہونے کی اپیل کی۔

ممتا بنرجی نے اپنے بیان میں کہا کہ ’’مہیش جی، آپ کو بھی نشانہ بنایا گیا تھا۔ شاہ رخ خان کو بھی۔ اگر ہمیں جیتنا ہے تو ہمیں لڑنا ہوگا۔ منھ کھولنا ہوگا۔ آپ ہماری رہنمائی کریں اور ایک سیاسی پارٹی کی طرح ہمیں صلاح دیں۔‘‘ ممتا بنرجی نے دراصل مہیش بھٹ کو مخاطب کرتے ہوئے یہ بیان دیا۔ بعد ازاں مشہور فلم ڈائریکٹر مہیش بھٹ نے ممتا بنرجی کو امید کی شمع قرار دیتے ہوئے ان کی تعریف کی۔


اس درمیان سوشل میڈیا پر ممتا بنرجی کی ٹرولنگ شروع ہو گئی ہے۔ دراصل شاہ رخ کے بیٹے آرین خان کو جب ڈرگس کیس میں گرفتار کیا گیا تھا تو کئی لوگوں نے شاہ رخ کی کھل کر حمایت کی تھی۔ ممتا بنرجی کا اس وقت کوئی بیان سامنے نہیں آیا تھا، اسی لیے اب سوشل میڈیا پر لوگ سوال پوچھ رہے ہیں کہ کیا اتنے دنوں بعد شاہ رخ کا نام لے کر فائدہ اٹھانے کی کوشش ہو رہی ہے۔ ایک سوشل میڈیا صارف نے تو واضح لفظوں میں سوال کر دیا کہ ’’کیا وہ اب شاہ رخ کا استعمال کر رہی ہیں؟‘‘ ایک دیگر صارف نے لکھا ’’جب یہ ہوا تب انھوں نے کیوں نہیں کہا؟ انھیں یہ کہنے کے لیے ممبئی آنے کا انتظار کیوں کرنا پڑا؟‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔