دہلی میں بنگالی باشندوں کو ہراساں کرنے کا الزام، ممتا بنرجی نے بی جے پی حکومت کو آڑے ہاتھوں لیا

ممتا بنرجی نے دہلی کی جے ہند کالونی میں بنگالی باشندوں کے ساتھ ہراسانی پر بی جے پی حکومت کو نشانہ بناتے ہوئے پانی و بجلی کی کٹوتی، ٹینکروں کو روکنے اور زبردستی انخلا کا الزام لگایا

<div class="paragraphs"><p>وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی / آئی اے این ایس</p></div>

وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی / آئی اے این ایس

user

قومی آواز بیورو

مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے دہلی کے وسنت کنج علاقے کی جے ہند کالونی میں مبینہ ہراسانی کے واقعات پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا ہے کہ وہاں پانی کی فراہمی بند کر دی گئی، بجلی کے میٹر ضبط کیے گئے اور دو روز قبل اچانک بجلی کاٹ دی گئی۔ ان کے مطابق رہائشیوں نے جب خود سے پانی کا بندوبست کیا تو دہلی پولیس اور ریپڈ ایکشن فورس (آر اے ایف) نے ان ٹینکروں کو کالونی میں داخل ہونے سے روک دیا۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ یہ سب کچھ ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب معاملہ عدالت میں زیرِ سماعت ہے اور اس سے قبل دسمبر میں بھی ایسا ہی واقعہ پیش آ چکا ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ اگر پانی، بجلی اور رہائش جیسے بنیادی حقوق سے شہریوں کو محروم کیا جائے تو پھر جمہوریہ کہلانے کا کیا مطلب رہ جاتا ہے؟

اپنی ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں ممتا بنرجی نے لکھا کہ جے ہند کالونی میں وہ لوگ آباد ہیں جنہوں نے دہلی کو بنانے میں غیر منظم مزدور کے طور پر کام کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مغربی بنگال کے ڈیڑھ کروڑ سے زیادہ مہاجر مزدور عزت سے زندگی گزار رہے ہیں، لیکن بی جے پی کی حکومت والی ریاستوں میں ایسے لوگوں کے ساتھ امتیازی سلوک کیا جا رہا ہے۔


ممتا نے الزام لگایا کہ بی جے پی نے جب بنگال میں بنگالیوں کو ان کے حقوق سے محروم کرنے کی کوشش میں ناکامی دیکھی تو اب وہی رویہ ملک کے دیگر حصوں میں اپنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے گجرات، مہاراشٹر، اوڈیشہ اور مدھیہ پردیش سمیت کئی ریاستوں میں ایسے افراد کے ساتھ پیش آنے والے واقعات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اب یہ طرز عمل دہلی تک پہنچ چکا ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ وہ اس مسئلے کو ہر فورم پر اٹھائیں گی اور ہر مظلوم کے ساتھ مغربی بنگال کی حکومت کھڑی ہے۔

دوسری جانب انڈین ایکسپریس کے مطابق دہلی پولیس نے ان الزامات کی تردید کی ہے۔ پولیس کے ایک اعلیٰ افسر نے بتایا کہ پولیس وہاں عدالت کے حکم پر بجلی چوری سے متعلق کارروائی کے لیے پہنچی تھی اور صرف دو کنیکشن کاٹے گئے۔ ان کے مطابق منگل کے بعد سے وہاں پولیس کی کوئی موجودگی نہیں ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔