اکھلیش نے جیا بچن کو دکھایا ٹھینگا، پہنچی ممتا کےآنگن

جیا بچن نے راجیہ سبھا کی رکنیت کے دوران پارٹی اور عوام کے لئے کوئی کام بھی انجام نہیں دیا اور سماجوادی پارٹی کی اعلیٰ قیادت ان کی دو رخی سیاست سے بھی ناراض ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

لکھنؤ: فلمی اداکارہ جیا بچن کے لئے اس بار راجیہ سبھا کی نشست ان کی اپنی پارٹی سماجوادی سے ملنا مشکل ہے۔پارٹی کے صدر اکھلیش یادو کا بالکل موڈ نہیں ہے کہ جیا بچن کو اس بار ٹکٹ دیا جائے،شاید اسی لئے جیابچن نے ممتا بنرجی سے قربت بڑھا لی ہے۔ سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ امیتابھ بچن خانوادے کی سیاست بھی اکھلیش یادو کو پسند نہیں آ رہی ہے۔خود امیتابھ بچن وزیر اعظم نریندر مودی سے قربت رکھتے ہیں اور گجرات کے لئے کئی بار وہ سیاحتی فروغ کے لئے کام انجام دے چکے ہیں۔مگر ان کی اہلیہ جیا بچن بہادڑی سماجوادی پارٹی میں ہیں۔سماجوادی پارٹی کی اعلیٰ قیادت اس دو رخی سیاست سے اس لئے بھی ناراض ہیں کہ جیا بچن نے راجیہ سبھا کی رکنیت کے دوران پارٹی اور نہ ہی عوام کے لئے کوئی کام انجام دیا۔ انہوں نے بی جے پی کے لئے بھی نرم گوشہ رکھا اور پارٹی کو ان سے جو امیدیں وابستہ تھیں ان کو وہ بروئے کار نہیں لائیں۔

بہرحال جیا بچن اب بھانپ چکی ہیں کہ ان کو سماجوادی پارٹی سے اس بار راجیہ سبھا کا ٹکٹ نہیں ملے گا اس لئے انہوں نے مغربی بنگال کی وزیر اعلی اور ترنمول کانگریس کی صدر ممتا بنرجی سے قربتیں بڑھا لی ہیں۔

راجیہ سبھا میں ان کی مدت کار تین اپریل کو ختم ہو رہی ہے۔سماجوی پارٹی کی رکن پارلیمان ہونے کے باوجود انہیں 2005 میں منافع بخش عہدے کی وجہ سے استعفی دینا پڑا تھا۔ پارلیمنٹ کی ایک رکن ہونے کے باوجود، وہ یو پی فلم ڈیولپمنٹ بورڈ کی صدر تھیں۔ لہذا انہیں اپنی رکنیت سے محروم ہونا پرا تھا۔

ترنمول کانگریس کے ایک رہنما کے مطابق، جیا بچن ،پارٹی کے ٹکٹ کی دوڑ میں ہیں، لیکن اس پر حتمی فیصلہ پارٹی کی صدر ممتا بنرجی کو کرنا ہے. جیا بچن کے نام کا اعلان صرف ان کی منظوری کے بعد کیا جائے گا۔

اس سال اپریل میں،راجیہ سبھا کے 58 ارکان پارلیمنٹ کی مدت ختم ہو رہی ہے۔ اس میں یو پی سے 10 سیٹیں خالی ہو ں گیں۔ ان نشستوں پر بی جے پی کے امیدوار راجیہ سبھا کے لئے منتخب ہوں گے۔ گزشتہ سال منعقد اسمبلی انتخابات میں بی جے پی نے 403 سیٹوں میں سے 312 نشستیں جیت حاصل کرلی تھیں۔

سماجوادی پارٹی راجیہ سبھا میں ایک ہی سیٹ حاصل کرسکتی ہے۔ ایسی صورت حال میں ایس پی سے جیا بچن کو ٹکٹ حاصل کرنا مشکل ہوگا۔ ذرائع کے مطابق جیا بچن نے گزشتہ سال یوپی اسمبلی کے نتائج کے بعد ممتا بنرجی سے اپنے تعلقات بڑھانےشروع کردئیے تھے۔ ایک اور ترنمول کانگریس رہنما کا کہنا ہے کہ’’ہمارے چار ارکان پارلیمنٹ کی نشستیں خالی ہو رہی ہیں، اس کے لئے بہت سے امیدوار بھی آئیں گے، پارٹی کم از کم دو نئے چہروں کو امیدوار کے طور پر بنانا چاہتی ہے، جیا بچن کو اس طرح سے دیکھا جا سکتا ہے۔ ترنمول کانگریس کے لیڈر کا کہنا ہے کہ جیا بچن مغربی بنگال میں بہت مقبولیت رکھتی ہیں اور بنگالی ہونےکی وجہ سے ان کی دعویداری میں دم ہے۔ نہ صرف یہ کہ ان کے شوہر امیتابھ بچن اکثر خود کو بنگال کا داماد بتاتے رہتے ہیں بلکہ یہ تاثر دینے کی کوشش کرتے ہیں کہ ان کو بنگال اور وہاں کی ثقافت سے خصوصی دلچسپی ہے۔

گزشتہ سال اپریل میں بی جے پی کے نوجوانوں نے ممتا بنرجی کے سر پر 11 لاکھ رو پئے کا انعام رکھا تھا۔ تو جیا بچن اس کا جواب دیا تھا ۔ انہوں نے کہا تھا کہ’آپ گائے کو تو بچا سکتے ہیں، لیکن عورتیں جو ظلم زدہ ہیں ان کو نہیں۔‘ جیا اور امیتابھ بچن باقاعدگی سے کلکتہ فلم فیسٹیول میں جاتے ہیں۔سن 2017 میں امیتابھ بچن مسلسل چوتھی بار مہمان خصوصی رہے۔اس سے یہ بھی ظاہر ہوتا ہے کہ جیا بچن اور ممتا بنرجی کے درمیان اچھے تعلقات موجود ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔