ممتا کے قافلہ میں لگا ’جے شری رام‘ کا نعرہ تو گاڑی روک کر لگائی ڈانٹ، کہا ’چمڑی ادھیڑ دوں گی‘

جمعرات کو ممتا بنرجی اپنے پارٹی کارکنان کے ساتھ ہوئے پرتشدد واقعات کے خلاف ایک دھرنے میں حصہ لینے کے لیے نوہاٹی جا رہی تھیں جب کچھ لوگ ان کے قافلے کے سامنے ’جے شری رام‘ کا نعرہ لگانے لگے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

مغربی بنگال میں بی جے پی کی بہترین کارکردگی کے بعد ممتا بنرجی کافی پریشان ہیں اور اپنی تنظیم کو مضبوط بنانے کے ساتھ ساتھ ریاست میں بی جے پی کی غنڈہ گردی پر کنٹرول کرنے کی بھرپور کوشش شروع بھی کر دی ہے۔ 30 مئی کو جب مودی کابینہ کے وزیر راشٹرپتی بھون میں حلف لے رہے تھے اس وقت بھی وہ مغربی بنگال میں دھرنے پر بیٹھی ہوئی تھیں۔ اس درمیان ممتا بنرجی کا ایک ویڈیو سامنے آیا ہے جو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہا ہے۔

ویڈیو اُتر 24 پرگنہ ضلع کا ہے جس میں کچھ لوگ ممتا بنرجی کے قافلے کے آس پاس ’جے شری رام‘ کا نعرہ لگاتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔ اس ویڈیو میں نعرہ بازی سن کر ممتا بنرجی اپنی گاڑی سے باہر نکلتی ہیں اور نعرہ لگا رہے لوگوں پر چیختی ہیں۔ وہ ان لوگوں کو باہری اور بی جے پی کے بدمعاش غنڈے قرار دیتی ہیں۔


میڈیا ذرائع کے مطابق جمعرات کو ممتا بنرجی اپنے پارٹی کارکنان کے ساتھ ہوئے پرتشدد واقعات کے خلاف ایک دھرنے میں حصہ لینے کے لیے نوہاٹی جا رہی تھیں جب کچھ لوگ ان کے قافلے کے سامنے آ گئے اور ’جے شری رام‘ کا نعرہ لگانے لگے۔ اس عمل سے ممتا بنرجی کافی ناراض ہو گئیں اور فوراً گاڑی سے اتر کر نعرہ بازی کر رہے لوگوں سے کہا کہ ’’یہاں آؤ... ہمت ہے تو سامنے آؤ... میرا سامنا کرو... بی جے پی کے غنڈوں... یہاں پر تم لوگ ہماری وجہ سے رہ رہے ہو۔ تم جیسے لوگوں کو یہاں سے بھگا بھی سکتی ہوں۔‘‘ وہ مزید کہتی ہوئی نظر آتی ہیں کہ ’’تم لوگ سارے بدمعاش لوگ ہو... تم لوگوں کی ہمت کیسے ہوئی میرے قافلے پر حملہ کرنے کی... میں تم لوگوں کی چمڑی ادھیڑ دوں گی... مجھے سبھی لوگوں کے نام چاہیے جو اشتعال پیدا کر رہے تھے... ایک ایک گھر کی تلاشی ہونی چاہیے۔‘‘

ممتا بنرجی کی ناراضگی دیکھ کر نعرہ لگانے والے لوگ خاموش ہو گئے اور ممتا بنرجی کا قافلہ آگے کی طرف بڑھ گیا۔ لیکن تھوڑی ہی دور کے بعد ایک بار پھر ’جے شری رام‘ کا نعرہ لگنا شروع ہو گیا۔ ممتا بنرجی دوبارہ گاڑی سے اتریں اور زور دار آواز میں انھوں نے پھر کہا کہ ’’یہاں آؤ... ہمت ہے تو سامنے آؤ... سامنے آؤ بدمعاشوں... میں میری گاڑی میں جا رہی تھی تبھی ان بی جے پی کے غنڈوں نے مجھے گالی دینا شروع کر دیا۔ یہ سبھی باہری لوگ ہیں۔ ان میں کوئی بھی بنگال کا لوکل آدمی نہیں ہے۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔