ممتا بنرجی کی امت شاہ سے ملاقات، این آر سی پر گفتگو

مغربی بنگال کی وزیرا علیٰ اور ترنمول کانگریس کی سربراہ ممتا بنرجی نے مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ سے ملاقات کی اور آسام میں نیشنل رجسٹر آف سٹیزنس(این آر سی)کے مسئلے پر گفتگو کی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

نئی دہلی: وزیراعظم نریندر مودی سے ملاقات کے ایک دن بعد مغربی بنگال کی وزیرا علیٰ اور ترنمول کانگریس کی سربراہ ممتا بنرجی نے جمعرات کو مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ سے ملاقات کی اور آسام میں نیشنل رجسٹر آف سٹیزنس(این آر سی)کے مسئلے پر گفتگو کی۔

شاہ سے ملاقات کے لیے ممتا بنرجی تقریباً ایک بجے نارتھ بلاک پہنچیں۔ انہوں نے نصف گھنٹے کی ملاقات کے بعد صحافیوں سے کہا کہ ریاستوں کا مشترکہ طور پر کام کرنا ایک آئینی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ گفتگو کے دوران انہوں آسام میں این آرسی کا مسئلہ اٹھایا اور اس تعلق سے انھیں ایک میمورنڈم بھی دیا۔


ممتا بنرجی نے کہا کہ آسام میں جن 19 لاکھ افراد کا نام رجسٹر میں شامل نہیں کیا گیا ان میں ہندی ِ بنگلہ بولنےوالے اور گورکھا افراد شامل ہیں۔کئی حقیقی رائے دہندگان کے نام بھی اس رجسٹر میں نہیں ہیں۔ ان کی زندگی میں اس سے بے یقینی پیدا ہوگئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس مسئلے پر بہار کےوزیر اعلیٰ نتیش کمار نے بھی مخالفت درج کروائی ہے۔ ممتا بنرجی نے کہا کہ وزیرداخلہ نے مغربی بنگال میں این آر سی کے بارے میں کچھ نہیں کہا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ انہوں نے اس مسئلے پر اپنا موقف واضح کرتے ہوئے کہا کہ مغربی بنگال میں این آر سی کی ضرورت نہیں ہے۔


دونوں رہنماؤں کے درمیان مغربی بنگال کا نام بدلنے کے بارے میں بھی گفتگو ہوئی۔ ملاقات کے دوران بنگلہ دیش سے متصل سرحد سے متعلق مسائل پر بھی چرچا ہوئی ۔ وزیرداخلہ بننے کے بعد ممتا بنرجی کی شاہ سے یہ پہلی ملاقات ہے۔ مغربی بنگال کی وزیراعلیٰ نے بدھ کے روز وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کی تھی اور انھیں ریاست میں کوئلہ پروجیکٹ کے افتتاح کے لیے مدعو کیا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 19 Sep 2019, 11:10 PM