مالویہ نگر آتشزدگی معاملہ: عدالت نے لوکیش بجاج اور جے مشرا کو 12 دن کی عدالتی حراست میں بھیج دیا
ملزمان کی وکیل پریتی یادو نے بتایا کہ عدالت نے دونوں ملزمان لوکیش بجاج اور جے مشرا کو 12 دن کی عدالتی حراست میں بھیج دیا ہے۔ اب اس معاملے میں اگلی سماعت 22 جون کو ہوگی۔

مالویہ نگر آتشزدگی معاملے میں لوکیش بجاج اور جے مشرا کو بدھ کے روز عدالت میں پیش کیا گیا۔ یہاں عدالت نے دونوں کو 12 دن کی عدالتی حراست میں بھیج دیا ہے۔ راجدھانی دہلی کے مالویہ نگر میں ہوئے آتشزدگی کے واقعے میں گرفتار ہوٹل کے مالک لوکیش بجاج اور مینیجر جے مشرا کی پولیس ریمانڈ بدھ کو ختم ہونے کے بعد انہیں ساکیت عدالت میں پیش کیا گیا۔ ملزمان کی وکیل پریتی یادو نے بتایا کہ عدالت نے دونوں ملزمان لوکیش بجاج اور جے مشرا کو 12 دن کی عدالتی حراست میں بھیج دیا ہے۔ اب اس معاملے میں اگلی سماعت 22 جون کو ہوگی۔ اس دن تینوں ملزمان لوکیش بجاج، جے مشرا اور کیشو نیگی کو عدالت میں پیش کیا جائے گا۔
اس سے قبل 8 جون کو لوکیش بجاج اور باورچی کیشو نیگی کو ساکیت عدالت میں پیش کیا گیا تھا۔ اس دوران عدالت نے لوکیش بجاج کے پولیس ریمانڈ میں مزید 2 دن کا اضافہ کر دیا تھا، جبکہ باورچی کیشو نیگی کو 14 دن کی عدالتی حراست میں بھیج دیا تھا۔ واضح رہے کہ آتشزدگی کے واقعے میں کئی غیر ملکی شہریوں سمیت کم از کم 22 افراد کی موت ہو گئی تھی۔ ان 22 افراد میں سے 9 ہندوستانی تھے، جبکہ 13 غیر ملکی شہری تھے جو بنگلہ دیش، لائبیریا، نائجیریا اور موزمبیق کے رہنے والے تھے۔
آتشزدگی کے بعد عمارت سے 47 افراد کو بحفاظت باہر نکال لیا گیا تھا۔ ساکیت میں واقع میکس ہاسپٹل کے بیان کے مطابق جنوبی دہلی کے اس اسپتال میں ابھی کل 14 مریض داخل ہیں۔ ان میں سے 13 غیر ملکی ہیں۔ وینٹی لیٹر پر موجود تمام مریضوں کی حالت مستحکم ہے اور ان میں بہتری کے آثار دکھائی دے رہے ہیں۔ دہلی فائر سروس کے مطابق آگ کے شعلوں نے عمارت کے بیسمنٹ، گراؤنڈ فلور اور اوپر کی 5 منزلوں کو اپنی زد میں لے لیا، جس سے شدید گرمی اور دھوئیں کے باعث کافی نقصان ہوا۔ دہلی پولیس سے وابستہ ذرائع نے بتایا کہ ریسٹورنٹ میں شارٹ سرکٹ کی وجہ سے آگ لگی تھی۔ تحقیقاتی ٹیم کو واقعے کے دوران کسی بھی ایل پی جی سلنڈر میں دھماکہ ہونے کا کوئی ثبوت نہیں ملا۔
Follow us: WhatsApp, Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
