ملکارجن کھڑگے آج سنبھالیں گے کانگریس کے صدر کا عہدہ، راج گھاٹ پر مہاتما گاندھی کو خراج عقیدت پیش کیا

کھڑگے اے آئی سی سی ہیڈکوارٹر میں سونیا گاندھی، راہل گاندھی، چھتیس گڑھ کے وزیر اعلی بھوپیش بگھیل اور پارٹی کے دیگر سینئر لیڈروں کی موجودگی میں کانگریس پارٹی کے صدر کا عہدہ سنبھالیں گے

ملکارجن کھڑگے / Getty Images
ملکارجن کھڑگے / Getty Images
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: کانگریس کے نو منتخب صدر ملکارجن کھڑگے آج یعنی بدھ کے روز عہدہ سنبھالنے جا رہے ہیں۔ کھڑگے صبح 10:30 بجے آل انڈیا کانگریس کمیٹی (اے آئی سی سی) کے ہیڈکوارٹر میں سونیا گاندھی، راہل گاندھی، چھتیس گڑھ کے وزیر اعلی بھوپیش بگھیل اور پارٹی کے دیگر سینئر لیڈروں کی موجودگی میں صدر کا عہدہ سنبھالیں گے۔

ملکارجن کھڑگے اس سے عہدہ سنبھالنے کی تقریب سے قبل راج گھاٹ گئے اور بابائے قوم مہاتما گاندھی کو ان کی سمادھی پر خراج عقیدت پیش کیا۔ کھڑگے اس کے علاوہ سابق وزیر اعظم جواہر لال نہرو کی سمادھی شانتی ون، لال بہادر شاستری کی سمادھی وجے گھاٹ، اندرا گاندھی کی سمادھی شکتی استھل، راجیو گاندھی کی سمادھی ویر بھومی اور سابق مرکزی وزیر بابو جگجیون رام کی سمادھی سمتا استھل پر جا کر خراج عقیدت پیش کریں گے۔


صدر کے انتخاب میں فتحیاب کھڑگے کو جیت کا سرٹیفکیٹ دینے کے لیے صبح 10.30 بجے کانگریس ہیڈکوارٹر میں ایک تقریب کا انعقاد کیا جائے گا، جس میں کانگریس کی عبوری صدر سونیا گاندھی، سابق صدر راہل گاندھی، پارٹی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی سمیت تمام اہم کانگریسی لیڈران موجود رہیں گے۔ کھڑگے نے گزشتہ شام 6 بجے ڈاکٹر منموہن سنگھ سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔

کانگریس صدر کے انتخاب میں ملکارجن کھڑگے کے خلاف ششی تھرور میدان میں تھے۔ اس انتخاب میں کھڑگے نے ششی تھرور کو 6825 ووٹوں سے شکست دی۔ کھڑگے کو 7897 ووٹ حاصل ہوئے، جبکہ ششی تھرور کے کھاتے میں 1072 ووٹ آئے۔ ملکارجن کھڑگے کے طور پر کانگریس پارٹی کو 24 سال بعد گاندھی خاندان سے باہر کا صدر ملا ہے۔ اس سے پہلے سیتارام کیسری غیر نہرو-گاندھی صدر تھے۔ خیال رہے کہ کانگریس کی 137 سالہ تاریخ میں صدر کے عہدے کے لیے 6ویں بار انتخاب ہوا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */