عاصم رضا کی جیت کو یقینی بنائیے، ورنہ میری راتیں مزید سیاہ ہو جائیں گی: اعظم خان

جب اعظم خان نے عاصم رضا کے نام کا اعلان بطور رامپور لوک سبھا سیٹ امیدوار کیا تو انھیں اپنا عزیز ساتھی اور طویل سیاسی تجربہ رکھنے والا شخص بتایا۔

اعظم خان، تصویر آئی اے این ایس
اعظم خان، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

سماجوادی پارٹی کے سینئر لیڈر اعظم خان نے آج جب رامپور لوک سبھا سیٹ پر ہونے والے ضمنی انتخاب کے لیے عاصم رضا کے نام کا اعلان کیا، تو ساتھ ہی عوام سے ان کی بھرپور حمایت کی اپیل بھی کر ڈالی۔ انھوں نے عاصم کی جیت یقینی بنانے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ’’اگر ذرا سی بھی کوتاہی ہوئی تو میری سیاہ راتیں مزید سیاہ ہو جائیں گی۔ میرے لمحے سالوں میں بدل جائیں گے۔ میری تکلیف میں اضافہ ہو جائے گا۔ میرا یقین میرا بھروسہ ٹوٹ جائے گا۔ اگر میرا بھروسہ ٹوٹ گیا تو میں ٹوٹ جاؤں گا، اور میں ٹوٹ گیا تو بہت کچھ ٹوٹ جائے گا۔ آج پھر تمھارا امتحان ہے۔‘‘

دراصل رامپور لوک سبھا سیٹ اعظم خان نے اسمبلی انتخاب میں کامیابی حاصل کرنے کے بعد چھوڑی ہے۔ وہ نہیں چاہتے ہیں کہ اس سیٹ سے بی جے پی یا کسی دوسری پارٹی کا امیدوار کامیاب ہو۔ اسی لیے انھوں نے عوام سے خصوصی اپیل کی ہے کہ وہ عاصم رضا کو کامیابی سے ہمکنار کرائیں۔ انھوں نے اپنے بیان میں کہا کہ ’’بہت طویل مدت کے لیے یہ انتخاب نہیں ہے۔ ہم ایک ایسی مثال پیش کریں گے جسے دنیا دیکھے گی۔ میں گزشتہ لوک سبھا انتخاب نہیں لڑتا، لیکن مجھے معلوم تھا کہ کچہری تک نہیں پہنچنے دیا جائے گا، اور انتخاب بلامقابلہ ہو جائے گا۔ یہ اسمبلی میں عالم تھا، جو دہشت تھی اور پولیس کا کردار تھا، جو یہاں کی انتظامیہ تھی، اسمبلی انتخاب میں بھی یہ اندازہ تھا۔ ہم نے آپ کے بھروسے پر کھڑا اترنے کی کوشش کی ہے، اور دعا کیجیے کہ یہ سر مالک کے علاوہ کہیں نہ جھکے۔ اور اس کے جھکنے کی نوبت آئے تو یہ سر جسم پر نہ رہے۔‘‘


جب اعظم خان نے عاصم رضا کے نام کا اعلان بطور رامپور لوک سبھا سیٹ امیدوار کیا تو انھیں اپنا عزیز ساتھی اور طویل سیاسی تجربہ رکھنے والا شخص بتایا۔ انھوں نے کہا کہ ’’ہم عاصم رضا کو لڑانا چاہتے ہیں، اور آپ سب کی تکلیفوں کا حساب لینا چاہتے ہیں۔‘‘ قابل ذکر ہے کہ عاصم رضا رامپور میں مشہور ہیں۔ وہ 10 بار کے رکن اسمبلی اعظم خان کے قریبی لیڈروں میں شامل ہیں اور اس وقت سماجوادی پارٹی کے سٹی پریسیڈنٹ ہیں۔ عاصم رضا شمسی برادری سے آتے ہیں اور اپنی برادری میں وہ عزت کی نگاہ سے دیکھے جاتے ہیں۔ ان کا شمار اعظم خان کے بھروسے مند لوگوں میں ہوتا ہے، اس لیے پوری امید ہے کہ اعظم خان کے حامیوں کی حمایت عاصم رضا کو بھی حاصل ہوگی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔