مکر سنکرانتی میلہ: اڈیشہ میں بھگدڑ سے ایک خاتون ہلاک 20 افراد زخمی، مدھیہ پردیش میں چاٹ کھانے سے 150 شخص بیمار

اڈیشہ کے وزیر اعلیٰ نوین پٹنایک نے بھگدڑ واقعہ پر شدید افسوس کا اظہار کیا ہے اور مہلوک کے کنبہ کو 5 لاکھ روپے معاوضہ دینے کا اعلان بھی کیا ہے۔

لاش، علامتی تصویر آئی اے این ایس
لاش، علامتی تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

اڈیشہ کے کٹک میں مکر سنکرانتی میلہ کے دوران بھگدڑ مچنے سے ایک خاتون کی موت ہو گئی جب کہ 20 افراد زخمی ہوئے ہیں جن میں کچھ کی حالت انتہائی سنگین ہے۔ بھگدڑ بڈمبا-گوپی ناتھ پور ٹی-برج پر ہوئی تھی جس نے ہر طرف ہنگامی ماحول پیدا کر دیا۔ اڈیشہ کے وزیر اعلیٰ نوین پٹنایک نے اس واقعہ پر شدید افسوس کا اظہار کیا ہے اور مہلوک کے کنبہ کو 5 لاکھ روپے معاوضہ دینے کا اعلان بھی کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے ایک بیان بھی جاری کیا ہے جس میں انھں نے حادثہ میں زخمی ہونے والے افراد کے جلد صحت یاب ہونے کی دعا کی ہے اور زخمیوں کا مفت علاج کرانے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔

بڈمبا-نرسنھ پور کے رکن اسمبلی اور سابق وزیر دیبی پرساد مشرا کا اس حادثہ کے تعلق سے کہنا ہے کہ انجنا سوین نامی ایک 45 سالہ خاتون ہلاک ہو گئی ہے جبکہ چار لوگوں کی حالت سنگین بنی ہوئی ہے۔ انھیں کٹک شہر کے ایس سی بی میڈیکل کالج اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ دیبی پرساد نے کہا کہ دیگر زخمیوں کو بڈمبا کے کمیونٹی ہیلتھ سنٹر میں داخل کرایا گیا ہے۔


دوسری طرف مدھیہ پردیش کے سیدھی ضلع میں مکر سنکرانتی کے ہی ایک میلہ میں کئی لوگ فوڈ پوائزننگ کا شکار ہو کر بیمار پڑ گئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق بیماروں کی تعداد 150 سے زیادہ اور ان میں بیشتر بچے و خواتین شامل ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ مکر سنکرانتی کے موقع پر میلہ لگا ہوا تھا جہاں ایک دکان پر چاٹ اور گول گپے کھانے سے بیشتر لوگ بیمار ہوئے ہیں۔ کئی خواتین اور بچے چاٹ اور گول گپے کھانے کے بعد بیہوش ہو کر گرنے لگے۔ انھیں فوری طور پر قریبی اسپتال میں داخل کرایا گیا۔

کچھ لوگوں کا کہنا ہے کہ میلے میں لگی دکانوں سے چاٹ اور گول گپے کھانے کے بعد سے ہی خواتین اور بچوں کی طبیعت اچانک بگڑنے لگی۔ کچھ بچے اور خواتین تو بیہوش ہو کر گرنے لگے، اور کئی کی طبیعت بگڑنے لگی۔ ان سبھی کو فوراً ایمبولنس کے ذریعہ قریبی اسپتال لے جایا گیا۔ اس معاملے میں جانکاری دیتے ہوئے کچھ افسران نے کہا کہ ڈاکٹروں کی ٹیم کو رامپور نیکن اور چرہٹ بھیجا گیا ہے جہاں مریضوں کو داخل کیا گیا ہے۔ ڈاکٹروں نے بتایا کہ فوڈ پوائزننگ کے سبب ہی ان لوگوں کی طبیعت بگڑی ہے۔ سبھی بیمار لوگوں کا علاج کیا جا رہا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */