ہریانہ کے گروگرام میں تیز رفتار کا قہر، ڈیوائڈر سے ٹکرائی تھار، 5 لوگوں کی موت
دہلی سے روہتک جانے کے دوران تھار ڈرائیور نے گاڑی پر سے توازن کھو دیا اور تھار سیدھے ڈیوائڈر سے ٹکرا گئی۔ حادثے میں ایک زخمی کی حالت نازک ہے۔

ہریانہ کے گروگرام میں شدید سڑک حادثہ ہوا ہے۔ 27 ستمبر کی صبح 4 بجے نیشنل ہائی وے-9 پر ایک تیز رفتار تھار گاڑی اچانک ڈیوائڈر سے ٹکرا گئی۔ حادثہ اتنا شدید تھا کہ تھار پوری طرح سے تباہ ہو گئی۔ اس میں 5 لوگوں کی موقع پر ہی موت ہو گئی جبکہ ایک دیگر شخص شدید طور سے زخمی ہے۔
عینی شاہدین کے مطابق حادثہ صبح تقریباً 4 بجے ہوا، جب تھار تیز رفتار میں دہلی سے روہتک جا رہی تھی۔ اس دوران ڈرائیور نے گاڑی پر سے توازن کھو دیا اور تھار سیدھے ڈیوائڈر سے ٹکرا گئی۔ ٹکر اتنی شدید تھی کہ گاڑی کے پرخچے اڑ گئے اور اس کا اگلا حصہ بُری طرح سے تباہ ہو گیا۔ بتایا جا رہا ہے کہ کار میں تین لڑکے اور تین لڑکیاں سوار تھے۔ موقع پر ہی دو لڑکے اور دو لڑکیوں کی موت ہو گئی وہیں ایک دیگر کی اسپتال میں موت ہوئی۔
مقامی لوگوں نے فوراً پولیس کو حادثے کی اطلاع دی۔ اطلاع ملتے ہی گروگرام پولیس کی ٹیم موقع پر پہنچی۔ پولیس مہلوکین کی شناخت کی کوشش کر رہی ہے۔ جن لوگوں کی موت ہوئی ہے، وہ کسی پروگارم سے لوٹ رہے تھے۔
حادثے کے بعد ہائی وے پر تھوڑی دیر کے لیے جام کی حالت بن گئی۔ پولیس نے موقع پر ٹریفک کو سنبھالا اور تباہ شدہ تھار کو ہٹوایا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ حادثہ تیز رفتار اور لاپروائی سے ڈرائیونگ کی وجہ سے ہوا۔ ابتدائی جانچ میں سامنے آیا ہے کہ رفتار زیادہ تھی اور ڈرائیور نے اچانک بریک لگانے کی کوشش کی لیکن توازن بگڑنے سے گاڑی سیدھے ڈیوائڈر پر چڑھ گئی۔ حادثے میں نہ تو کسی دیگر گاڑی کی ٹکر ہوئی اور نہ ہی کوئی باہری کار سامنے آیا ہے۔
گروگرام پولیس کے افسروں نے بتایا کہ مہلوکین کے اہل خانہ کو اطلاع دی جا رہی ہے۔ لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال بھیجا گیا ہے۔ پولیس نے معاملے کی جانچ شروع کر دی ہے اور گاڑی سے برآمد دستاویزوں کی بنیاد پر آگے کی کارروائی کی جائے گی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔