چھتیس گڑھ: وسرجن جلوس کے دوران بے قابو بولیرو نے لوگوں کو کچلا، 3 کی موت، 22 شدید زخمی
حادثہ دیر رات 12 بجے پیش آیا جب بولیرو گاڑی رائے کیرا کی طرف سے آ رہی تھی۔ وسرجن جلوس میں تقریباً ڈیڑھ سو لوگ شامل تھے۔ زخمیوں کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔

چھتیس گڑھ کے جش پور میں ایک بڑا سڑک حادثہ پیش آیا ہے۔ اس حادثے میں 3 لوگوں کی موت ہو گئی جبکہ 22 دیگر شدید طور پر زخمی ہو گئے۔ منگل کی دیر رات 12 بجے گنیش وسرجن جلوس کے دوران ایک بے قابو بولیرو نے کئی عقیدت مندوں کو کچل دیا۔
جائے حادثہ پر موجود ایک شخص نے بتایا کہ بولیرو گاڑی رائے کیرا کی طرف سے آ رہی تھی۔ تقریباً ڈیڑھ سو لوگ وسرجن جلوس میں شامل تھے۔ حادثے کے بعد موقع پر چیخ و پکار مچ گئی اور پورے علاقے میں افرا تفری کا ماحول پیدا ہو گیا۔ مشتعل ہجوم نے بولیرو ڈرائیور کی موقع پر جم کر پٹائی کر دی جبکہ گاڑی میں سوار دیگر لوگ فرار ہو گئے۔
حادثہ کی اطلاع ملتے ہی ضلع نائب صدر اروند گپتا، عوامی نمائندہ شنکر گپتا اور باغیچہ ایس ڈی او پی دلیپ کوسلے پولیس کی ٹیم کے ساتھ فوراً موقع پر پہنچے اور مل کر راحت و بچاؤ کام میں لگ گئے۔ کچھ زخمیوں کو گاؤں کے دیگر لوگوں نے اپنی سہولت سے علاج کے لیے روانہ کیا۔
ایس ڈی او پی دلیپ کوسلے، ایس ڈی ایم پردیپ راٹھیا، تحصیل دار مہیشور اُئیکے اور پولیس دستہ نے موقع پر پہنچ کر راحت و بچاؤ کام شروع کیا۔ دیر رات ایک بجے ایس ایس پی ششی موہن سنگھ نے بھی اسپتال پہنچ کر زخمیوں کی خیریت دریافت کی۔ انہوں نے بتایا کہ حادثے میں تقریباً دو درجن افراد زخمی ہوئے جن میں سے کئی کی حالت نازک بنی ہوئی ہے۔
جشپور کے ڈی ایم روہت ویاس دیر رات دو بجے باغیچہ اسپتال پہنچے جہاں انہوں نے زخمیوں و مہلوکین کے اہل خانہ سے ملاقات کی اور انہیں ہر ممکن مدد کا یقین دلایا۔ انہوں نے بتایا کہ شدید زخمیوں کو امبیکا پور منتقل کیا گیا ہے۔ مانیٹرنگ کے لیے دو نائب تحصیل دار اور میڈیکل آفیسر کو امبیکا پور بھیجا گیا ہے۔
حادثے میں ہلاک ہوئے لوگوں کے نام اروند (19)، وپن کمار پرجاپتی (17) اور کھروتی یادو (32) ہیں جبکہ زخمیوں میں فقیر یادو، نیلو یادو، نرنجن رام، سندیپ یادو نارائن، دیونتی، گلاپی بائی، یاہوسو لکڑا، سنتوش پرجاپتی، ہیمنت یادو، اوما یادو، بھونیشوری یادو، چندا بائی، پنکی، لیلاوتی پرجاپتی، ڈمرودھر یادو، گائتری یادو، آرتی یادو، پرمانند یادو، ابھیمنیو، ہیمانند و ڈرائیور سکھ ساگر سمیت دیگر لوگ شامل ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔