دہلی میں اندوہناک حادثہ، پنجابی بستی کی 4 منزلہ عمارت زمین بوس، 14 افراد کا ریسکیو
نارتھ دہلی کی پنجابی بستی میں منگل کی رات چار منزلہ عمارت گر گئی۔ خوش قسمتی سے جانی نقصان نہیں ہوا، تاہم 14 افراد کو ریسکیو کیا گیا۔ ایم سی ڈی نے عمارت کو پہلے ہی خطرناک قرار دیا تھا۔

نئی دہلی: دارالحکومت دہلی کے سبزی منڈی تھانہ علاقے کی پنجابی بستی میں منگل کی رات ایک بڑا حادثہ پیش آیا، جب ایک چار منزلہ عمارت اچانک منہدم ہو گئی۔ یہ واقعہ رات تقریباً 2 بج کر 52 منٹ پر پیش آیا۔ خوش قسمتی سے اس وقت عمارت میں کوئی موجود نہیں تھا، جس کی وجہ سے بڑے پیمانے پر جانی نقصان ٹل گیا۔ تاہم قریبی عمارت میں پھنسے 14 افراد کو دہلی فائر سروس کے اہلکاروں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے محفوظ نکالا۔
دہلی فائر سروس کے مطابق اطلاع ملتے ہی پانچ فائر ٹینڈر موقع پر پہنچے اور ریسکیو آپریشن شروع کیا۔ کارروائی کے دوران کچھ افراد کو معمولی چوٹیں آئیں، جنہیں فوری طور پر نزدیکی اسپتال منتقل کیا گیا۔ حکام نے بتایا کہ ملبے میں کچھ گاڑیاں دب گئی ہیں اور انہیں نکالنے کی کوششیں جاری ہیں۔ دہلی پولیس اور دیگر ایجنسیاں بھی موقع پر موجود ہیں اور علاقے کو محفوظ بنانے کے لیے اقدامات کر رہی ہیں۔
ابتدائی جانچ میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ متعلقہ عمارت کو دہلی میونسپل کارپوریشن (ایم سی ڈی) نے پہلے ہی خطرناک قرار دے دیا تھا۔ مقامی لوگوں کے مطابق دو ماہ قبل ہی عمارت خالی کرنے کا نوٹس دیا گیا تھا، لیکن مالکان نے اس پر عمل نہیں کیا۔ ایک مقامی نوجوان نے بتایا، "رات کو میں نے دیکھا کہ بلڈنگ ہل رہی ہے۔ میں نے شور مچایا اور سب کو خبردار کیا۔ اس کے فوراً بعد عمارت زمین بوس ہوگئی۔"
علاقے کی ایک خاتون نے الزام لگایا کہ کئی بار شکایتیں کرنے کے باوجود انتظامیہ نے بروقت کوئی کارروائی نہیں کی۔ ان کے مطابق، اگر متعلقہ محکمے پہلے ہی سخت قدم اٹھا لیتے تو اس حادثے سے بچا جا سکتا تھا۔
ادھر حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقاتی عمل شروع کردیا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ بظاہر عمارت کی خستہ حالی ہی اس کے گرنے کی بڑی وجہ ہوسکتی ہے، لیکن دیگر تکنیکی پہلوؤں کا جائزہ بھی لیا جا رہا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ اس حادثے سے قبل پیر کی رات دہلی کے یمنا وہار علاقے میں پیزا ہٹ کے ایک آؤٹ لیٹ میں دھماکہ ہوا تھا، جس میں پانچ افراد زخمی ہوگئے تھے۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق یہ دھماکہ آؤٹ لیٹ کے گراؤنڈ فلور پر موجود ایئر کنڈیشنر کے کمپریسر میں ہوا۔ زخمیوں کو فوری طور پر جی ٹی بی اسپتال میں داخل کرایا گیا اور دہلی فائر سروس کی تین گاڑیاں موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پانے میں مصروف رہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔