بالی ووڈ اداکار ٹائیگر شراف پر فائرنگ کے معاملے میں بڑی کارروائی، تینوں شوٹر راجستھان کے کوٹا سے گرفتار
بالی ووڈ اداکار ٹائیگر شراف پر فائرنگ کا واقعہ 18 اکتوبر کی شام تقریباً 7 بجے پیش آیا، جب وہ ممبئی کے جوہو علاقے میں فٹ بال گراؤنڈ سے گاڑی میں واپس جا رہے تھے۔

بالی ووڈ اداکار ٹائیگر شراف کی گاڑی پر فائرنگ کے واقعے کے سلسلے میں راجستھان کے کوٹا سے 3 افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔ پولیس نے بتایا کہ پکڑے گئے ملزمان میں 2 حملہ آور بھی شامل ہیں، ان میں سے ایک ملزم نابالغ ہے۔ خبر رساں ایجنسی ’آئی اے این ایس‘ کی رپورٹ کے مطابق ممبئی پولیس نے بتایا کہ راجستھان اے جی ٹی ایف اور کوٹا سٹی پولیس کی مشترکہ ٹیم نے ممبئی پولیس سے ملنے والی اطلاع کی بنیاد پر تینوں شوٹروں کو گرفتار کیا۔ اطلاعات کے مطابق تینوں ملزم پونے-جے پور ایکسپریس میں سفر کر رہے تھے۔ پولیس نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے انہیں گرفتار کر لیا۔
یہ ٹرین پونے سے شمال کی جانب چلتی ہے اور ممبئی میٹروپولیٹن علاقے سے گزرتے ہوئے کلیان جنکشن اور وسئی روڈ پر مقررہ اسٹاپ لیتی ہے۔ اس کے بعد یہ گجرات اور مدھیہ پردیش سے گزرتے ہوئے راجستھان میں داخل ہوتی ہے۔ جے پور کی جانب بڑھنے سے پہلے ٹرین کوٹا جنکشن پر رکتی ہے۔ ممبئی پولیس نے بتایا کہ فائرنگ کرنے والے ممبئی علاقے سے اس ٹرین میں سوار ہو کر فرار ہونے کی کوشش کر رہے تھے۔ حالانکہ ٹرین کے کوٹا اسٹیشن پہنچنے پر کوٹا پولیس نے انہیں پکڑ لیا۔
رپورٹس کے مطابق 3 افراد میں سے 2 وہی حملہ آور ہیں، جنہوں نے اتوار کی شام ٹائیگر شراف کی گاڑی پر فائرنگ کی تھی۔ فی الحال کوٹا پولیس تینوں افراد سے پوچھ گچھ کر رہی ہے۔ ممبئی پولیس کے مطابق 2 ملزم ہریانہ کے سونی پت ضلع کے رہنے والا ہے۔ ان میں سے 17 سالہ پھول سنگھ ولد نریش بڑودہ تھوتھن کا رہنے والا ہے، جبکہ 18 سالہ ریحان ولد رشیدالدین انصاری سونی پت کی عیدگاہ کالونی کا رہائشی ہے۔ اس کے علاوہ تیسرا ملزم بہار کے بیگوسرائے ضلع کے پپرائی گاؤں کا رہنے والا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : ٹائیگر شراف پر جان لیوا حملہ، فائرنگ سے ممبئی میں سنسنی
واضح رہے کہ بالی ووڈ اداکار ٹائیگر شراف پر فائرنگ کا واقعہ 18 اکتوبر کی شام تقریباً 7 بجے پیش آیا، جب ٹائیگر شراف ممبئی کے جوہو علاقے میں فٹ بال گراؤنڈ سے گاڑی میں واپس جا رہے تھے۔ پولیس نے بتایا کہ حملہ آوروں نے پستول سے گاڑی پر فائرنگ کی، جس میں ڈرائیور زخمی ہو گیا۔ فائرنگ کے دوران وہاں موجود ایک اور شخص کو بھی گولی لگی۔ ممبئی پولیس کے ایک افسر نے بتایا کہ جب شوٹر فائرنگ کر رہے تھے، اس وقت اداکار ٹائیگر کو سنبھلنے کے لیے کچھ وقت ملا اور وہ آگے کی جانب جھک گئے۔ اسی وجہ سے انہیں گولی نہیں لگی۔ حالانکہ شیشے کا ایک ٹکڑا انہیں لگا، جس کی وجہ سے وہ زخمی ہو گئے۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
