لکھنؤ ہوائی اڈے پر بڑا حادثہ ٹلا، ٹیک آف نہیں کر سکی انڈیگو کی فلائٹ، طیارے میں ڈمپل یادو سمیت 151 مسافر تھے سوار
ایئر پورٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ انڈیگو کی فلائٹ قریب 11 بجے اڑان بھرنے کے لیے رنوے پر پہنچی تھی۔ لیکن رفتار بھرتے ہی عجیب سی آواز سنائی دی۔ پائلٹ نے فوراً ایمرجنسی بریک لگا کر فلائٹ روک دی۔

اتر پردیش کے لکھنؤ ہوائی اڈے پر ایک بڑا حادثہ ہونے سے ٹل گیا۔ یہاں چودھری چرن سنگھ ایئر پورٹ سے دہلی کے لیے اڑان بھرنے جا رہی انڈیگو کی فلائٹ ٹیک آف کے دوران تکنیکی خرابی کی وجہ سے رنوے پر ہی رک گئی۔ کیپٹن نے وقت رہتے طیارے کو روک کر 151 مسافروں کی جان بچائی۔ اس طیارے میں سماج وادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو کی اہلیہ ڈمپل یادو بھی سوار تھیں۔
ذرائع کے مطابق طیارہ نے رنوے پر تیز رفتار پکڑی لیکن پھر بھی ہوا میں اوپر نہیں اٹھ سکا۔ اس حالت میں فلائٹ کے کیپٹن نے سوجھ بوجھ کا ثبوت دیتے ہوئے رنوے کے آخری چھور سے پہلے ہی طیارے کو روک دیا۔ اچانک ہوئے اس واقعہ سے مسافروں میں افرا تفری مچ گئی۔ سبھی مسافروں کے چہروں پر دہشت صاف جھلک رہی تھی۔ اس دوران مسافروں نے کہا کہ بھگوان نے انہیں بچا لیا ورنہ حادثہ ہو سکتا تھا۔
ادھر ایئر پورٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ انڈیگو کی فلائٹ قریب 11 بجے اڑان بھرنے کے لیے رنوے پر پہنچی تھی۔ لیکن رفتار بھرتے ہی عجیب سی آواز سنائی دی۔ فلائٹ کو وافر تھرسٹ نہیں ملا، جس کی وجہ سے اسے ہوا میں اٹھنے کی حالت نہیں بن سکی۔
پائلٹ نے فوراً اے ٹی سی کو ابینڈنگ ٹیک آف کی اطلاع دی اور ایمرجنسی بریک لگا کر فلائٹ کو روک دیا۔ ایئر پورٹ اتھاریٹی کا کہنا ہے کہ فلائٹ میں دقت آنے کی وجہ سے طیارہ نہیں اڑ پایا تھا۔ تحفظ کے پیش نظر سبھی مسافروں کو فلائٹ سے اتار کر دوسری فلائٹ سے دہلی بھیج دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ اس سے پہلے حال ہی میں دبئی جا رہی انڈیگو کی فلائٹ کو اڑان کے دوران تکنیکی خرابی کی وجہ سے احمد آباد کے سردار ولبھ بھائی پٹیل بین الاقوامی ہوائی اڈے پر ڈائیورٹ کرنا پڑا تھا۔ اس طیارہ میں کل 170 سے زیادہ مسافر سوار تھے۔ افسروں نے بتایا کہ یہ ایمرجنسی لینڈنگ نہیں تھی بلکہ تکنیکی دقتکی وجہ سے محفوظ آپریشن یقینی کرنے کے لیے یہ قدم اٹھایا گیا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔