دہلی عصمت دری: 12 سالہ معصوم کے ساتھ درندگی کرنے والا اہم ملزم گرفتار

نابالغ کے ساتھ جنسی استحصال کے واقعہ کے بعد دہلی کے نظامِ قانون پر لوگ لگاتار انگلیاں اٹھا رہے ہیں۔ اس وقت متاثرہ کا علاج ایمس میں چل رہا ہے جہاں اس کی حالت سنگین بنی ہوئی ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

تنویر

دہلی کے پچھم وِہار میں 12 سالہ معصوم کے ساتھ ہوئی عصمت دری معاملہ میں پولس کو کامیابی ہاتھ لگی ہے۔ اس درندگی کو انجام دینے والے اہم ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور اس سے سختی کے ساتھ پوچھ تاچھ کی جا رہی ہے۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ گرفتار شخص وہی ہے جو متاثرہ کے گھر کے پاس لگے سی سی ٹی وی کیمرے میں ٹی شرٹ اور پاجامہ پہنے دیکھا گیا تھا۔

قابل ذکر ہے کہ نابالغ کے ساتھ جنسی استحصال کے واقعہ کے بعد دہلی کے نظامِ قانون پر لوگ لگاتار انگلیاں اٹھا رہے ہیں۔ متاثرہ لڑکی کا علاج ایمس میں چل رہا ہے جہاں وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے دورہ کیا اور اس کی حالت دریافت کی۔ پولس نے اس سلسلے میں انھیں جانکاری دی کہ منگل کی شام کو پچھم وِہار علاقے میں ملزم نے لڑکی کے چہرے پر تیز دھار والی چیز سے حملہ بھی کیا تھا۔


کیجریوال نے اس دوران کہا کہ ان کی حکومت متاثرہ کی فیملی کو 10 لاکھ روپے کی معاشی مدد دے گی۔ اس سے قبل وزیر اعلیٰ نے درندگی کے واقعہ پر ٹوئٹ بھی کیا تھا جس میں انھوں نے لکھا تھا کہ واقعہ نے انھیں بری طرح جھنجھوڑ دیا ہے اور اس طرح کے ملزم کھلے میں گھومیں، اسے برداشت نہیں کیا جا سکتا۔ نامہ نگاروں سے وزیر اعلیٰ نے یہ بھی کہا کہ لڑکی کی حالت سنگین ہے اور انھوں نے پولس کمشنر ایس این شریواستو سے بات کی ہے جنھوں نے انھیں بتایا کہ پولس قصوروار کے خلاف سخت کارروائی کرے گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 07 Aug 2020, 9:11 AM