مہوبا: پہاڑ پر بلاسٹنگ کے دوران 4 مزدوروں کی موت، کچھ مزدور ملبہ میں دبے، راحت و بچاؤ مہم جاری

وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے افسران کو ہدایت دی ہے کہ وہ فوراً جائے حادثہ پر پہنچیں اور راحت رسانی کے کاموں میں تیزی لائیں، زخمیوں کے مناسب علاج کی ہدایت بھی وزیر اعلیٰ نے دی ہے۔

موت، علامتی تصویر
موت، علامتی تصویر
user

قومی آوازبیورو

اتر پردیش کے مہوبا ضلع میں پتھر منڈی کبرئی کے پہرا پہاڑ میں کانکنی کا کام چل رہا تھا جب بلاسٹنگ کے دوران دھماکہ کی زد میں آنے سے کم از کم 4 مزدوروں کی موت واقع ہو گئی ہے۔ کچھ مزدور زخمی بھی ہوئے ہیں اور تقریباً 8 لوگوں کے ملبہ میں دبے ہونے کا اندیشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ اس حادثہ کی خبر ملتے ہی پولیس کی ٹیم جائے حادثہ پر پہنچ گئی اور راحت و بچاؤ کا کام شروع کر دیا۔ زخمیوں کو ضلع اسپتال پہنچایا گیا اور مہلوکین کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیجا گیا۔

موصولہ اطلاع کے مطابق سینئر معدنیات افسر آر بی سنگھ و کانکنی انسپکٹر کے تحفظ میں غیر قانونی کانکنی کا کھیل چل رہا تھا۔ کانکنی کے دوران جب بلاسٹنگ ہوا تو دھماکہ میں کئی مزدور آ گئے جس سے یہ حادثہ پیش آیا۔ اس واقعہ کی خبر جب وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کو ملی تو انھوں نے مہلوکین کے غمزدہ کنبوں کے تئیں گہری ہمدردی کا اظہار کیا۔ وزیر اعلیٰ نے افسران کو فوراً موقع پر پہنچ کر راحت رسانی کے کام میں تیزی لانے کی ہدایت دی۔ وزیر اعلیٰ نے زخمیوں کے مناسب علاج کی بھی ہدایت جاری کر دی ہے۔


غیر قانونی کانکنی کے دوران حادثہ پیش آنے کی خبر ملتے ہی مقامی لوگوں نے وہاں پر پہنچ کر زوردار ہنگامہ شروع کر دیا۔ مہلوکین کے گھر والوں نے بھی انتظامیہ کے خلاف نعرے بازی شروع کر دی۔ پولیس نے ان لوگوں کو سمجھانے کی کوشش کی، لیکن متاثرہ کنبوں میں غم و غصہ کی لہر دیکھنے کو مل رہی ہے۔ فی الحال ملبہ میں دبے ہوئے لوگوں کو نکالنے کی کوششیں چل رہی ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔