مہاراشٹر: مہایوتی کی اہم میٹنگ ملتوی، ایکناتھ شندے اچانک اپنے گاؤں روانہ

مہاراشٹر میں مہایوتی کی آج ہونے والی میٹنگ ملتوی ہو گئی ہے۔ وزیراعلیٰ ایکناتھ شندے اپنے گاؤں روانہ ہو گئے ہیں اور ہفتے کو واپسی کے بعد اجلاس متوقع ہے

<div class="paragraphs"><p>ایکناتھ شندے (فائل) / تصویر: آئی اے این ایس</p></div>

ایکناتھ شندے (فائل) / تصویر: آئی اے این ایس

user

قومی آواز بیورو

ممبئی: مہاراشٹر میں مہایوتی کی آج ہونے والی اہم میٹنگ ملتوی کر دی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ ایکناتھ شندے آج ستارا ضلع میں اپنے آبائی گاؤں روانہ ہو گئے ہیں اور ان کی واپسی ہفتے کو متوقع ہے۔ میٹنگ کا مقصد مہایوتی حکومت کے مختلف محکموں کے اختیارات اور تقسیم پر تبادلہ خیال کرنا تھا۔ یہ اجلاس وزیراعلیٰ ایکناتھ شندے، بی جے پی لیڈر دیویندر فڑنویس اور این سی پی سربراہ اجیت پوار کے درمیان ہونا تھا۔

قبل ازیں، دہلی میں وزیر داخلہ امت شاہ کی رہائش پر مہایوتی کے تینوں بڑے رہنماؤں نے تقریباً 3 گھنٹے طویل میٹنگ کی۔ میٹنگ کے دوران بی جے پی کے صدر جے پی نڈا، این سی پی کے پرفل پٹیل اور سنیل تٹکرے بھی موجود تھے لیکن تمام بات چیت کے باوجود مہاراشٹر کے وزیراعلیٰ کے عہدے پر اتفاق نہیں ہو سکا۔

اس حوالے سے ایکناتھ شندے کا کہنا ہے کہ دہلی میں ہوئی میٹنگ مثبت رہی اور تمام معاملات پر بات چیت جاری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مہایوتی کے رہنما ہفتے کو ممبئی میں دوبارہ ملاقات کریں گے اور وزیراعلیٰ کے نام پر فیصلہ کیا جائے گا۔


خیال رہے کہ 23 نومبر کو مہاراشٹر اسمبلی انتخابات کے نتائج میں مہایوتی اتحاد کو 233 سیٹیں ملیں، جس میں بی جے پی نے 132، شندے کی قیادت میں شیوسینا نے 57 اور اجیت پوار کی قیادت میں این سی پی نے 41 سیٹیں جیتی تھیں۔ تاہم، بڑے مینڈیٹ کے باوجود مہایوتی اتحاد وزیراعلیٰ کے عہدے پر حتمی فیصلہ نہیں کر سکا۔

ایک دلچسپ بیان میں، ایکناتھ شندے نے کہا کہ ’لاڈلا بھائی‘ کا لقب ان کے لیے کسی بھی عہدے سے زیادہ اہم ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مہایوتی میں وزیراعلیٰ کے عہدے پر کوئی تنازعہ نہیں ہے اور سبھی رہنما اتفاق رائے سے فیصلہ کریں گے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔