دہلی پردیش کانگریس کمیٹی کے دفتر میں مہارشی والمیکی کے یوم پیدائش پر تقریب منعقد

دہلی کانگریس صدر اروندر سنگھ لولی نے الزام لگایا کہ مرکز کی موجودہ بی جے پی حکومت نہ صرف دلتوں کے خلاف ہے بلکہ انہیں جب بھی وقت ملتا ہے ریزرویشن کو چیلنج کرنے کی کوشش کرتی ہے۔

<div class="paragraphs"><p>تصویر محمد تسلیم</p></div>

تصویر محمد تسلیم

user

محمد تسلیم

نئی دہلی: مہارشی والمیکی کے یوم پیدائش کے موقع پر دہلی پردیش کانگریس کمیٹی کے زیر اہتمام ایک تقریب منعقد کی گئی جس میں بھگوان مہارشی والمیکی کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ تقریب کا اہتمام پارٹی کے ایس سی/ایس ٹی ڈپارٹمنٹ نے کیا تھا۔ تقریب میں بڑی تعداد میں دلت، والمیکی سماج کے نمائندے اور مختلف اداروں کے عہدیداران نے اپنی شرکت درج کرائی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے دہلی کانگریس صدر اروندر سنگھ لولی اور دیپک بابریا نے مشترکہ طور پر کہا کہ آج بھگوان مہارشی والمیکی جی کی لکھی ہوئی رامائن میں تحریر کردہ باتوں کو دل سے ماننا چاہیے۔ ایسا ہو جائے تو معاشرے میں رونما ہونے والی برائیاں ختم ہو سکتی ہیں۔


لولی اور بابریا نے الزام لگایا کہ مرکز کی موجودہ بی جے پی حکومت نہ صرف دلتوں کے خلاف ہے بلکہ انہیں جب بھی وقت ملتا ہے ریزرویشن کو چیلنج کرنے کی کوشش کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج آئین خطرے میں ہے اور حکومت آمرانہ طریقے سے کام کر رہی ہے، جس کی وجہ سے دلت طبقہ ناراض ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ کانگریس نے ہمیشہ دلتوں کو عزت دی ہے۔ کانگریس کو جب بھی موقع ملا ہے اس نے دلت طبقے کی بہتری کے لیے سرکاری اسکیمیں بنائی ہیں۔ دوسری طرف بی جے پی ان کے ساتھ جھوٹی ہمدردی کا اظہار کر کے ان کے جذبات سے کھیل رہی ہے۔

تقریب میں دلت رہنما جئے کشن، امریش گوتم ویر سنگھ ڈھنگان، سریندر کمار، ملارام گنگوال، ہرنام سنگھ، سنجے نیرج نے مشترکہ طور پر کہا کہ کانگریس واحد پارٹی ہے جس نے ہمیشہ دلتوں کو عزت اور سیاسی حصہ داری دی ہے۔ تمام دلت رہنماؤں نے بی جے پی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ صرف دلت برادری کو ووٹ بینک کے طور پر استعمال کرتی ہے اور ان کے فلاح و بہبود کے لیے کوئی کام نہیں کرتی۔ تقریب میں دلت لیڈران نے سماج سے اپیل کی کہ وہ متحد ہو کر مستقبل میں کانگریس کا ساتھ دیں۔


اس موقع پر مکیش شرما نے والمیکی برادری کا خاص طور پر ذکر کرتے ہوئے کہا کہ آج معاشرے کی پسماندگی کو دور کرنے کے لیے بچوں کو اچھی تعلیم فراہم کرنا ضروری ہے۔ جب تک والمیکی سماج کے بچے تعلیم حاصل کر کے اعلیٰ سرکاری خدمات میں نہیں جائیں گے، انہیں ان کا پورا حصہ نہیں ملے گا۔ شرما نے دلت برادری کے لوگوں سے ظلم اور ناانصافی کے خلاف کھڑے ہونے کی اپیل بھی کی۔

تقریب میں دہلی کے انچارج دیپک بابریا، ریاستی صدر اروندر سنگھ لولی، سابق وزیر منگترام سنگھل کے علاوہ پارٹی کے سینئر لیڈر اور سابق ایم ایل اے جئے کشن، مکیش شرما، نصیب سنگھ، امریش گوتم، ویر سنگھ، سریندر کمار، ملارام گنگوال، ہرنام سنگھ، ایس سی ڈپارٹمنٹ کے چیئرمین سنجے نیرج، سابق چیئرمین سنیل کمار، شیورام سنگھ، ضلع صدر راجیش چوہان، سبھاش بدلان، ڈی پی موریہ، منیم چودھری وغیرہ بھی موجود تھے۔ تقریب کی نظامت راجکمار اندوریہ نے کی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔