مہاراشٹر: عظیم الشان تبلیغی اجتماع کے لیے 26 فروری کو سرکاری تعطیل

اورنگ آباد کے تبلیغی اجتماع کی اہمیت و افادیت کو دیکھتے ہوئے ریاستی حکومت نے اجتماع کے آخری دن اردو کے پرائمری و سیکنڈری اسکولوں اور جونیئر و سینئر کالجوں میں چھٹی کا اعلان کیا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

ممبئی: ریاست کے تاریخی شہراورنگ آباد میں تبلیغی اجتماع کی اہمیت و افادیت کے پیش نظر ریاستی حکومت نے 26 فروری کو پوری ریاست میں اردو کے پرائمری، سیکنڈری اسکولوں اور جونئیر و سینئر کالجوں میں اساتذہ اور طلبا کے لئے سرکاری چھٹی کا اعلان کیا ہے۔

آج یہاں ریاستی وزیر تعلیم اور اقلیتی امور کے وزیر ونود تاؤڑے کی سرکاری رہائش گاہ پر شیو واہتک سینا کے صدر حاجی عرفات شیخ کی قیادت میں کل ہند اردو اساتذہ کے ایک وفد نے ملاقات کی اس موقع پر حاجی عرفات شیخ نے وزیر موصوف سے گزارش کہ مہاراشٹر میں پہلی بار عالمی اجتماع ہو رہا ہے اور اسکولوں سے وابستہ اساتذہ، طلبا اور سرپرست بھی دعا میں شرکت کی سعادت حاصل کرنا چاہتے ہیں لہٰذا ریاستی حکومت اس انتہائی حساس مذہبی معاملہ میں یک روزہ تعطیل کا اعلان کرکے اسکولوں اور کالجوں سے وابستہ متعلقین کو راحت دے۔ اس معاملہ میں ونود تاؤڑے نے فوری طور پر یہ اعلان کیا کہ 26 فروری کو یک روزہ چھٹی کا اعلان کیا جاتا ہے۔ انہوں اس ضمن میں محکمہ تعلیم کے افسران کو اس خصوصی تعطیل کے لئے فی الفورضروری ہدایت جاری کرنے کا حکم بھی جاری کیا۔

واضح ہو کہ اس معاملہ میں کل ہند اردو اساتذہ تنظیم نے 15 فروری کو اس چھٹی کے لئے وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس، ریاستی وزیر ارجن کھوتکر اور بی جے پی کے ممبئی صدر رکن اسمبلی اشیش شیلار کو ایک تحریری درخواست دی تھی۔ حاجی عرفات شیخ نے اس معاملہ میں وزیر اعلی، ریاستی وزیر ارجن کھوتکر اور رکن اسمبلی اشیشی شیلار سے رابطہ قائم کرتے ہوئے اس معاملہ میں فوری طور پر فیصلہ کرنے کا مطالبہ کیا تھا، جس کے بعد وزیر اعلی کی ہدایت کے بعد آج وزیر تعلیم ونود تاؤڑے نے باضابطہ طور پر 26 فروری کو مذکورہ تعطیل کا اعلان کیا۔

حاجی عرفات شیخ نے اس معاملے میں کہا کہ ریاستی حکومت نے پہلے اجتماع میں شریک ہونے والے فرزندگان تو حید کے لئے ریاست کے تمام ٹول ناکوں میں ٹول معافی کا اعلان کیا اور آج اردو اسکولوں اور کالجوں کے اساتذہ، طلبا کے لئے 26 فروری کی تعطیل کا اعلان کرکے انہیں دعا میں شریک ہونے کا موقع فراہم کیا جو قابل قدر ہے- انہوں نے کہا کہ ماضی میں بھی اس حکومت نے مسلمانوں کے مذہبی جذبات کا احترام کرتے ہوئے مختلف مذہبی معاملات میں انہیں سہولتیں فراہم کی تھیں۔ الحمد اللہ شرکا اجتماع کی خدمت کی سعادت ہمیں حاصل ہوئی ہے اور مستقبل میں بھی ہم قوم کے مسائل کے حل کے لئے نبرد آزما رہیں گے۔

واضح رہے کہ اس وفد میں حاجی عرفات شیخ کے ساتھ کل ہند اردو اساتذہ کے ریاستی صدر الہاج الدین فاروقی، حسین منیار، محمد طلحہ انصاری، عارف سوداگر، عبدالسلام انعامدار اور انصاری سعید شامل تھے-

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔