مہاراشٹر: اینٹوں سے بھرا ٹرک پلٹا، کیبن میں سو رہے 3 مزدوروں کی موت، 3 شدید زخمی

سب سے حیران کرنے والی بات یہ رہی کہ حادثے کے بعد ٹرک ڈرائیور اور مالک زخمیوں کی مدد کرنے کے بجائے انہیں زخمی حالت میں چھوڑ کر موقع سے فرار ہو گئے۔

سڑک حادثہ، تصویر یو این آئی
i
user

قومی آواز بیورو

google_preferred_badge

مہاراشٹر کے ناگپور ضلع میں ایک دردناک سڑک حادثہ پیش آیا ہے۔ عیسیٰ پورکے پاس اینٹوں سے بھرا ایک آئشر ٹرک بے قابو ہو کر پلٹ گیا، جس میں 3 مزدوروں کی موقع پر ہی موت ہو گئی، جبکہ 3 دیگر شدید طور پر زخمی ہو گئے۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق یہ ٹرک کھاپا سے میواڑ کی جانب جا رہا تھا کہ صبح کے وقت ساونیر روٹ پر عیسیٰ پور گاؤں کے پاس ڈرائیور نے تیز رفتار ٹرک پر کنٹرول کھو دیا اور گاڑی سڑک سے نیچے اتر کر پلٹ گئی۔

بتایا جا رہا ہے کہ جس وقت یہ حادثہ پیش آیا ہے اس وقت ٹرک کے کیبن میں 6 مزدور سو رہے تھے۔ اس حادثے کے بعد وہاں موجود لوگوں نے فوراً موقع پر پہنچ کر زخمیوں کو باہر نکالا اور اسپتال پہنچایا۔ حادثے میں سنجے کنیرے، لیلادھر والولکر اور اجیت بھلاوی کی موقع پر ہی موت ہو گئی۔ حادثہ میں جان گنوانے والے تینوں مزدور میواڑ علاقے کے رہنے والے بتائے جا رہے ہیں۔ جبکہ راجندر راج گرو، ہیمراج کنہیرے اور سبھاش دھروے شدید طور پر زخمی ہو گئے، جن کا فی الحال اسپتال میں علاج چل رہا ہے۔


سب سے حیران کرنے والی بات یہ رہی کہ حادثے کے بعد ٹرک ڈرائیور اور مالک زخمیوں کی مدد کرنے کے بجائے انہیں زخمی حالت میں چھوڑ کر موقع سے فرار ہو گئے۔ اس حادثے کے بعد علاقے میں افراتفری مچ گئی، ساتھ ہی لوگوں میں کافی غصہ دیکھا جا رہا ہے۔ اس معاملے میں کاٹول پولیس اسٹیشن نے ملزم پروین عرف گولو بلے کے خلاف معاملہ درج کیا ہے۔ پولیس نے بھارتیہ نیائے سنہتا (بی این ایس) اور موٹر وہیکل ایکٹ کی سنگین دفعات کے تحت معاملہ درج کر تحقیقات شروع کر دی ہے۔ فی الحال ملزم کی تلاش جاری ہے۔

Follow us: WhatsAppFacebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔