مہاراشٹر: بجلی کی نجکاری کے خلاف ملازمین کی تین روزہ ہڑتال شروع، بجلی کی فراہمی رہے گی جاری

ذرائع کا کہنا ہے کہ 80 ہزار سے زائد مزدوروں پر مشتمل 31 یونینیں جن میں کنٹریکٹ ورکرز بھی شامل ہیں، حکومت کے نجکاری کے اقدام کی مخالفت کے لیے سڑکوں پر نکل آئے ہیں۔

بجلی، تصویر آئی اے این ایس
بجلی، تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

ممبئی: مہاراشٹر اسٹیٹ الیکٹرسٹی بورڈ کی مختلف ٹریڈ یونینوں کے 80 ہزار سے زیادہ ملازمین نے نجکاری اور بجلی کی تقسیم میں اڈانی ٹرانسمیشن لمیٹڈ کے داخلے کی مخالفت کرنے کے لیے منگل کی نصف شب سے تین روزہ ہڑتال شروع کر دی ہے۔ سرکاری ذرائع نے بدھ کو یہ اطلاع دی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ 80 ہزار سے زائد مزدوروں پر مشتمل 31 یونینیں جن میں کنٹریکٹ ورکرز بھی شامل ہیں، حکومت کے نجکاری کے اقدام کی مخالفت کے لیے سڑکوں پر نکل آئے ہیں۔ مہاراشٹر اسٹیٹ الیکٹرسٹی مارکیٹنگ کمپنی لمیٹڈ (مہاوترن) نے یونینوں کے ملازمین کی 72 گھنٹے کی ہڑتال کے دوران بجلی کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے ہنگامی اقدامات کیے ہیں۔

ہڑتال کے دوران بجلی کی فراہمی کے انتظامات کیے گئے ہیں: مہاوترن

وہیں نجکاری کے خلاف مہاراشٹر اسٹیٹ الیکٹرسٹی بورڈ ملازمین کی 72 گھنٹے کی ہڑتال کے پیش نظر اورنگ آباد اور جالنا اضلاع کے تمام صارفین کو بلاتعطل بجلی کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے اورنگ آباد سرکل میں ہنگامی انتظامات کیے گئے ہیں۔ قابل ذکر ہے کہ افسران اور انجینئرس سنگھرش سمیتی نے 3 جنوری کی نصف شب سے 72 گھنٹے کی ہڑتال کی کال دی ہے۔


مہاراشٹر اسٹیٹ الیکٹرسٹی مارکیٹنگ کمپنی لمیٹڈ (مہاوترن) کی جانب سے کہا گیا ہے کہ شہریوں کو بجلی کی فراہمی سے متعلق کسی منفی یا پرانے پیغام پر یقین نہیں کرنا چاہیے۔ بجلی کی بلاتعطل فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے جنگی بنیادوں پر متبادل انتظامات کیے جا رہے ہیں۔ اپیل میں کہا گیا ہے کہ اگر آپ کو کوئی شکایت یا شک ہے تو مہاوترن کے ٹول فری نمبر پر رابطہ کریں اور اس دوران تعاون کریں۔ ہڑتال کے پیش نظر، محکمہ نے اورنگ آباد سرکل میں ہموار بجلی کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے کنٹرول روم کو 24 گھنٹے کھلا رکھنے سمیت مختلف اقدامات شروع کر دیئے ہیں۔

بجلی کی ہموار تقسیم کو یقینی بنانے کے لیے، منتخب فہرست میں مہاوترن کے ملازمین، آؤٹ سورس ملازمین، مہاوترن کے اپرنٹس، الیکٹریکل اسسٹنٹ، ٹرینی انجینئر، دیکھ بھال اور مرمت کے ٹھیکیداروں کی تقسیم کے لیے مقامی دفاتر، ذیلی مراکز وغیرہ پر عارضی تقرریاں کی گئی ہیں۔ اس کے ساتھ ہی مختلف سرکاری محکموں، محکمہ تعمیرات عامہ، الیکٹریکل انجینئرز اور الیکٹریکل انسپکٹر آفس کے ملازمین کے ریٹائرڈ الیکٹریکل انجینئرز اور ٹیکنیکل ورکرز سے رابطہ کیا گیا ہے اور ان سے بھی تعاون لیا جائے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔