مہاراشٹر: شندے نے 18 وزرا کے ساتھ کی کابینہ توسیع، بی جے پی اور اپنے دھڑے کے 9-9 لیڈروں کو کیا شامل

گورنر کوشیاری نے راج بھون میں شندے، فڈنویس، قائد حزب اختلاف اجیت پوار، دیگر ارکان اسمبلی اور مختلف سیاسی جماعتوں کے عہدیداروں کی موجودگی میں نئے وزرا کو عہدے اور رازداری کا حلف دلایا

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

ممبئی: مہاراشٹر کے وزیر اعلی ایکناتھ شندے اور نائب وزیر اعلی دیویندر فڈنویس نے منگل کے روز 18 نئے وزرا کے ساتھ اپنی کابینہ میں توسیع کی۔ سابق وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے کی قیادت میں اس وقت کی مہا وکاس اگھاڑی حکومت کے خاتمے کے بعد 30 جون کو دونوں نے چارج سنبھالنے کے 40 دن بعد توازن قائم کرنے کی کوشش کی ہے۔ اس کے تحت شندے نے اپنے دھڑے سے 9 اور اتحادی بھارتیہ جنتا پارٹی سے 9 وزرا کو شامل کیا۔

شندے دھڑے کے وزرا میں گلاب راؤ پاٹل، دادا جی بھوسے، سنجے راٹھوڑ، سندیپن بھومرے، ادے سمنت، تانا جی ساونت، عبدالستار، دیپک کیسرکر اور شمبھوراج دیسائی شامل ہیں۔ جبکہ بی جے پی کے جن ارکان اسمبلی نے وزیر کے طور پر حلف لیا ہے ان میں رادھا کرشن ویکھے پاٹل، چندرکانت پاٹل، سدھیر مونگنتی وار، گریش مہاجن، وجے کمار گاویت، سریش کھڈے، اتل سیو، رویندر چوان اور منگل پربھات لودھا شامل ہیں۔

گورنر بھگت سنگھ کوشیاری نے راج بھون میں شندے، فڈنویس، قائد حزب اختلاف اجیت پوار، دیگر ارکان اسمبلی اور مختلف سیاسی جماعتوں کے عہدیداروں کی موجودگی میں ایک تقریب کے دوران نئے وزرا کو عہدے اور رازداری کا حلف دلایا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔