مہاراشٹر میں شدید بارش: ممبئی میں معمولات زندگی مفلوج، اسکول و کالج بند، پروازیں متاثر، 7 افراد ہلاک
مہاراشٹر میں بارش سے تباہی، 7 افراد ہلاک اور 200 سے زائد متاثرین پھنسے۔ ممبئی میں سڑکیں پانی میں ڈوب گئیں، اسکول و کالج بند، پروازوں میں تاخیر، کئی اضلاع میں ریڈ الرٹ جاری

مہاراشٹر میں پیر اور منگل کو موسلا دھار بارش نے بڑے پیمانے پر تباہی مچائی ہے۔ اب تک ریاست بھر میں 7 افراد کی موت ہو چکی ہے جبکہ دو سو سے زیادہ لوگ بادل پھٹنے اور سیلابی صورتحال میں پھنس گئے ہیں۔ سب سے زیادہ اثر ممبئی پر پڑا ہے جہاں ملک کی معاشی راجدھانی کی رفتار بارش نے تھام لی۔ شہر کی سڑکیں ندی نالوں کا منظر پیش کر رہی ہیں، گاڑیاں پانی میں پھنسی ہیں اور لوگ کمر تک پانی میں چلنے پر مجبور ہیں۔
شدید بارش کے سبب برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن (بی ایم سی) نے پیر کی دوسری پالی کے لیے اسکولوں اور کالجوں کو بند رکھنے کا اعلان کیا اور بعد میں موسم کی پیش گوئی دیکھتے ہوئے منگل کو بھی سبھی تعلیمی اداروں میں چھٹی کا فیصلہ کیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 18 اگست صبح ساڑھے آٹھ بجے سے 19 اگست صبح ساڑھے پانچ بجے تک وکرولی میں 194.5 ملی میٹر، سانتا کروز میں 185 ملی میٹر، جوہو میں 173.5 ملی میٹر اور بائیکولا میں 167 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ باندرہ میں 157 ملی میٹر جبکہ کولابہ اور مہالکشمی میں بالترتیب 79.8 اور 71.9 ملی میٹر بارش درج کی گئی۔
بارش کے بعد اندھیری سب وے میں پانی بھر جانے پر اسے بند کرنا پڑا جبکہ چیمبور کے بی ایم سی کے ماتحت اسپتال تک مریضوں کو پہنچانے میں اہل خانہ کو سخت مشکلات پیش آئیں۔ کئی لوگوں کو اپنے بیمار رشتہ داروں کو کندھوں پر لاد کر اسپتال لے جانا پڑا۔
بارش نے نہ صرف سڑکوں کو جام کر دیا بلکہ فضائی پروازیں بھی متاثر ہوئیں۔ ممبئی ایئرپورٹ پر آمد و رفت میں تاخیر ہوئی اور کئی پروازیں وقت پر روانہ نہ ہو سکیں۔ انڈیگو اور دیگر ایئرلائنز نے مسافروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ سفر سے پہلے اپنی فلائٹ کی اپ ڈیٹ چیک کریں اور ٹریفک کے سبب وقت سے پہلے ایئرپورٹ پہنچیں۔
ریاست کے دیگر اضلاع میں بھی صورتحال سنگین ہے۔ ناندیڑ میں 200 سے زائد لوگ بارش کے پانی میں پھنس گئے جنہیں نکالنے کے لیے فوج کو بلایا گیا۔ اسی طرح تھانے کے کلیان علاقے میں لینڈ سلائیڈنگ سے چار گھروں کو نقصان پہنچا، تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
محکمہ موسمیات نے ممبئی سمیت تھانے اور پال گھر میں ریڈ الرٹ جاری کیا ہے اور شہریوں کو غیر ضروری سفر سے بچنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ ممبئی میں 21 اگست تک مزید بارش کے امکان کا اظہار کیا گیا ہے۔ یہ منظر ممبئی کے لیے نیا نہیں ہے۔ ہر سال برسات میں شہر پانی میں ڈوب جاتا ہے اور شہری انہی مسائل سے دوچار ہوتے ہیں۔ مستقل حل تلاش نہ کیے جانے پر عوامی ناراضگی بڑھتی جا رہی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔