مہاراشٹر: پرکاش امبیڈکر 25 جولائی سے ریزرویشن کے معاملے پر نکالیں گے یاترا، جانیں ان کے مطالبات

ونچیت بہوجن اگھاڑی (وی بی اے) 25 جولائی سے مہاراشٹر کے مختلف علاقوں میں ریزرویشن کے مسئلہ پر 'ریزرویشن بچاؤ جن یاترا' کا اہتمام کرے گی۔ پارٹی سربراہ پرکاش امبیڈکر نے یہ جانکاری دی

پرکاش امبیڈکر، تصویر آئی اے این ایس
پرکاش امبیڈکر، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

ممبئی: ونچیت بہوجن اگھاڑی (وی بی اے) 25 جولائی سے مہاراشٹر کے مختلف علاقوں میں ریزرویشن کے مسئلہ پر 'آرکشن بچاؤ جن یاترا' کا اہتمام کرے گی۔ پارٹی سربراہ پرکاش امبیڈکر نے یہ جانکاری دی۔

صحافیوں سے بات کرتے ہوئے امبیڈکر نے مطالبہ کیا کہ بغیر درخواست کے لوگوں کو دیئے گئے کنبی ذات کے سرٹیفکیٹ کو منسوخ کیا جانا چاہئے اور ریزرویشن کے مسئلہ پر سیاسی جماعتوں کو اپنا موقف واضح کرنا چاہئے۔

انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ ’سگے سویارے‘ (سگے رشتہ دار) نوٹیفکیشن کو نافذ کرنے کا مطالبہ ریزرویشن میں "ملاوٹ" کے مترادف ہے اور عدالتیں اس کے خلاف پہلے فیصلہ دے چکی ہیں۔

دراصل، سماجی کارکن منوج جرانگے حکومت کے اس مسودہ نوٹیفکیشن پر عمل درآمد کا مطالبہ کر رہے ہیں جس میں کنبی ذات کے لوگوں کو مراٹھا برادری کے افراد کے ’خون کے رشتہ دار‘ کے طور پر تسلیم کیا گیا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ تمام مراٹھوں کو کنبی ذات کا سرٹیفکیٹ دیا جائے تاکہ وہ ریزرویشن کا فائدہ حاصل کرنے کے اہل بن جائیں۔


خیال رہے کہ کنبی لوگ دیگر پسماندہ طبقے (او بی سی) زمرے کا حصہ ہیں اور ان کا اہم پیشہ کاشتکاری ہے۔ کچھ او بی سی کارکنوں نے حال ہی میں ایک تحریک شروع کی تھی، جس میں مسودہ نوٹیفکیشن کو منسوخ کرنے اور اس یقین دہانی کا مطالبہ کیا گیا کہ ان کے ریزرویشن کو کم نہ کیا جائے۔

امبیڈکر نے کہا کہ 'ریزیرویشن بچاؤ جن یاترا' مختلف گاؤں سے گزرے گی اور 25 جولائی کو ممبئی میں ان کے دادا ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کی یادگار 'چیتہ بھومی' اور پونے میں سماجی مصلح جیوتی با پھولے کی رہائش گاہ پر خراج عقیدت پیش کرنے کے بعد شروع ہوگی۔

انہوں نے کہا، ’’یہ یاترا کولہاپور (26 جولائی)، سانگلی، سولاپور، دھاراشیو، بیڈ، لاتور، ناندیڑ، یاوتمال، امراوتی، اکولا، بلڈھانا، واشیم، جالنا اضلاع میں جائے گی اور 7 یا 8 اگست کو اورنگ آباد میں ختم ہوگی۔

وی بی اے کے سربراہ نے کہا، ’’ہم ایس سی/ایس ٹی طلباء کی اسکالرشپ کو دوگنا کرنے، دیگر پسماندہ طبقات (او بی سی) طلبا کو مساوی اسکالرشپ دینے، ایس سی/ایس ٹی اور او بی سی کو ملازمتوں میں ترقی دینے کے مطالبے کے بارے میں بیداری پیدا کریں گے۔ عوامی مارچ کے ذریعے ہم ان جماعتوں پر بھی دباؤ ڈالیں گے جنہوں نے ریزرویشن کے معاملے پر کوئی موقف ظاہر نہیں کیا ہے۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔