مہاراشٹر کے لوگ ہو جائیں تیار، 17 مئی کے بعد لگنے والا ہے لاک ڈاؤن 4.0

وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے نے مئی کے آخر تک لاک ڈاؤن کی توسیع کا اشارہ دیا ہے۔ مہاراشٹر اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر پروین ڈاریکر نے بھی کہا کہ کورونا کے بڑھتے معاملوں کو دیکھتے ہوئے لاک ڈاؤن بڑھایا جانا چاہیے

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

مہاراشٹر میں کورونا وائرس کے لگاتار بڑھتے معاملوں کے درمیان کئی لوگ اس بات کا اندیشہ ظاہر کر رہے ہیں کہ لاک ڈاؤن 3.0 بھلے ہی 17 مئی کو ختم ہو رہا ہو، لیکن ریاست میں اس لاک ڈاؤن کو بڑھایا جا سکتا ہے۔ ماہرین کا یہ اندیشہ صحیح ثابت ہوتا ہو انظر آ رہا ہے کیونکہ مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے نے بھی ایک میٹنگ کے دوران اشارہ دے دیا ہے کہ مئی کے آخر تک لاک ڈاؤن کو بڑھایا جا سکتا ہے۔

پارٹی لیڈروں کے ساتھ ہوئی ایک میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے نے کہا کہ ریڈ زون والے علاقوں میں مئی کے آخر تک لاک ڈاؤن کو بڑھایا جا سکتا ہے کیونکہ حالات بہت اچھے نہیں ہیں۔ دراصل ملک میں کورونا وائرس سے متاثرہ ریاستوں میں مہاراشٹر کی حالت سب سے خراب ہے۔ ممبئی اور پونے میں تو حالات اتنے خراب ہیں کہ لاک ڈاؤن مکمل طور پر ختم کرنے کا تصور بھی نہیں کیا جا سکتا۔ مہاراشٹر کے کل انفیکشن معاملوں کا تقریباً 90 فیصد کا تعلق صرف ممبئی اور پونے سے ہے۔


لاک ڈاؤن 3.0 کے دوران کورونا انفیکشن کے مریضوں کی تعداد میں تیزی کے ساتھ اضافہ ہو رہا ہے اس لیے عوام کے ساتھ ریاستی حکومتیں بھی متفکر ہیں اور سب سے زیادہ فکر مند مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے ہی ہیں۔ یہاں مریضوں کی مجموعی تعداد 20 ہزار پہنچنے والی ہے۔

مہاراشٹر میں کورونا انفیکشن کے کیسز لگاتار بڑھنے کی وجہ سے ریاست میں اپوزیشن پارٹیاں بھی متفکر ہیں اور ادھو حکومت کے ساتھ کھڑی نظر آ رہی ہیں۔ اسمبلی میں اپوزیشن کے لیڈر پروین ڈاریکر کا کہنا ہے کہ ریاست میں کورونا کے بڑھتے معاملوں کو دیکھتے ہوئے مئی کے آخر تک لاک ڈاؤن بڑھایا جانا چاہیے۔ اس سلسلے میں ونچت بہوجن اگھاڑی پارٹی کے لیڈر پرکاش امبیڈکر کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ نے ہمیں ریاست کے ذریعہ اٹھائے جا رہے اقدام کے بارے میں بتایا اور ایک اندازہ لگایا جا رہا ہے کہ مئی کے آخر تک حالات مزید بگڑ سکتے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی انھوں نے اس بات کا بھی اشارہ دیا ہے کہ لاک ڈاؤن کو آگے بڑھایا جا سکتا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔