مہاراشٹر: یوَت مال میں دردناک حادثہ، پانی بھرے گڈھے میں ڈوب کر 4 بچوں کی موت

یہ حادثہ دوارہا-نیر شاہراہ کے قریب ریلوے اسٹیشن احاطہ میں پیش آیا۔ افسروں کے مطابق فلائی اوور تعمیر کے کھودے گئے گڈھے میں پانی بھرا تھا، بچے کھیلتے کھیلتے اس میں گر گئے اور ان کی جان چلی گئی۔

<div class="paragraphs"><p>علامتی تصویر تصویر/   آئی اے این ایس</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

مہاراشٹر کے یوت مال ضلع کے دوارہا سے ایک دل دہلا دینے والی خبر سامنے آئی ہے۔ جہاں ریلوے فلائی اوور کی تعمیر کے لیے کھودے گئے ایک گہرے گڈھے میں ڈوب کر 4 معصوم بچوں کی جان چلی گئی۔ یہ حادثہ بدھ کی شام کو دوارہا-نیر شاہراہ کے قریب ریلوے اسٹیشن احاطہ میں پیش آیا۔

مقامی افسروں کے مطابق بچے فلائی اوور تعمیر کے مقام کے قریب کھیل رہے تھے۔ کھمبے لگانے کے لیے کھودا گیا بڑا گڈھا بارش کے پانی سے بھر گیا تھا۔ خدشہ ہے کہ بچے کھیلتے کھیلتے اس میں گر گئے یا ممکنہ طور پر تیرنے کی کوشش میں ناکام رہنے کی وجہ سے وہ ڈوب گئے۔ آس پاس کے لوگوں نے بچوں کو گڈھے سے باہر نکالا اور فوراً اسپتال لے گئے۔ بعد میں سنگین حالت کو دیکھتے ہوئے انہیں یوت مال کے سنجیونی اسپتال بھیجا گیا جہاں ڈاکٹروں نے چاروں بچوں کو مردہ قرار دے دیا۔


مرنے والے بچوں کی شناخت ریحان اسلم خان (13)، گولو پانڈرنگ نارن ورے (10)، سومیا ستیش کھڈسن (10) اور ویبھو آشیش بودھلے (14) کے طور پر ہوئی ہے۔ پی ٹی آئی کے مطابق حادثے کے بعد علاقے میں سوگ کی لہر دوڑ گئی ہے۔ پولیس معاملے کی جانچ کر رہی ہے۔ وہیں انتظامیہ نے تعمیراتی کمپنی کی لاپروائی کی بھی جانچ شروع کی ہے۔

دوسری طرف ناسک ضلع میں شدید بارش کی وجہ سے آبی ذخائر کی آبی سطح بھی بڑھ گئی ہے۔ گنگا پور پشتہ سے اضافی پانی گوداوری ندی میں چھوڑا گیا جس سے ندی کا بہاؤ تیز ہو گیا۔ رام کنڈ اور گودا گھاٹ علاقے میں واقع چھوٹے چھوٹے مندر ڈوب گئے ہیں۔ مشہور دوتوندیا ماروتی کی مورتی بھی جزوی طور سے زیر آب ہو گئی ہے۔ درنا ندی میں بھی پانی کی سطح خطرناک طریقے سے بڑھی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔