مہاراشٹر: ہر ماہ 200 سے زائد کسان کر رہے خودکشی، ریاستی اسمبلی میں حیرت انگیز اعداد و شمار پیش
مہاراشٹر حکومت میں وزیر مکرند جادھو نے اسمبلی میں کسانوں کی خودکشی پر اپنی فکر ظاہر کی۔ انھوں نے بتایا کہ مراٹھواڑہ اور وِدربھ علاقوں میں کسانوں کی خودکشی کے معاملے تھمتے نظر نہیں آ رہے ہیں۔
.jpg?rect=0%2C0%2C1493%2C840&auto=format%2Ccompress&fmt=webp)
گزشتہ دنوں ایک رپورٹ سامنے آئی تھی، جس میں بتایا گیا تھا کہ رواں سال کے ابتدائی 3 ماہ میں مہاراشٹر کے 767 کسانوں نے خودکشی کی۔ اس تعلق سے اپوزیشن پارٹیاں مہاراشٹر کے ساتھ ساتھ مرکز کی مودی حکومت کو بھی ہدف تنقید بنایا تھا۔ آج مہاراشٹر کے وزیر برائے راحت و بازآبادکاری مکرند جادھو نے بھی ریاستی اسمبلی میں کسانوں کی خودکشی پر اپنی فکر کا اظہار کیا۔ انھوں نے بتایا کہ مراٹھواڑہ اور ودربھ علاقوں میں کسانوں کی خودکشی کے معاملے تھمتے ہوئے دکھائی نہیں دے رہے ہیں۔
مکرند جادھو نے ایوان میں بتایا کہ مارچ 2025 میں 250 کسانوں نے خودکشی کی، اور اپریل 2025 میں یہ تعداد 229 تھی۔ انھوں نے اسمبلی میں یہ بھی بتایا کہ مارچ میں خودکشی کرنے والے 250 کسانوں میں سے 102 سرکاری معاوضے کے لیے اہل ہیں، جبکہ 62 نااہل، اور 77 معاملوں کی جانچ چل رہی ہے۔ اسی طرح اپریل میں خودکشی کرنے والے 229 کسانوں میں سے 74 کسان معاوضے کے لیے اہل ہیں، 31 نا اہل ہیں اور 124 معاملوں کی جانچ چل رہی ہے۔
آج مہاراشٹر اسمبلی میں کسانوں کی خودکشی کے بڑھتے معاملوں پر کافی شور شرابہ دیکھنے کو ملا۔ ایوان میں یہ بات رکھی گئی کہ جنوری سے مارچ تک ریاست میں مجموعی طور پر 767 کسانوں نے خودکشی کی ہے۔ جانکاری میں سامنے آیا ہے کہ خودکشی کے بیشتر معاملے وِدربھ کے ہی ہیں۔ جانچ میں پایا گیا کہ مہلوکین کسانوں میں سے 376 کسان سرکاری معاوضے کے اہل تھے، جبکہ 200 کسانوں کو حکومت کے ذریعہ مقررہ پیمانہ پورا نہ کرنے کے سبب امداد نہیں ملی تھی۔
بہرحال، کانگریس اراکین اسمبلی نے مہاراشٹر حکومت سے کسانوں کی بڑھتی خودکشی کے بارے میں سوال کیا۔ انھوں نے حکومت کو کٹہرے میں کھڑا کرتے ہوئے پوچھا کہ حکومت مہلوکین کسانوں کے کنبوں کو کس طرح کی مدد پہنچا رہی ہے؟ کانگریس اراکین اسمبلی نے حکومت کی طرف سے دیے جا رہے ایک لاکھ روپے کو مزید بڑھانے کا مطالبہ کیا ہے۔ دراصل مہاراشٹر حکومت خودکشی کرنے والے کسانوں کے اہل خانہ کو ایک لاکھ روپے کا ہی معاوضہ دیتی ہے۔
کانگریس کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے جادھو نے بتایا کہ ریاستی حکومت ان سبھی کسانوں کو معاوضہ دے رہی ہے، جن کی فصلیں بے وجہ بارش اور قدرتی آفات کی وجہ سے برباد ہو جاتی ہیں۔ انھوں نے مزید کہا کہ ریاستی حکومت ضرورت مند کسانوں کو ایک سال میں 6000 روپے کا تعاون دے رہی ہے۔ اس کے علاوہ مرکزی حکومت بھی ’پی ایم کسان سمّان یوجنا‘ کے تحت 6000 روپے دے کر کسانوں کی مدد کر رہی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔