مہاراشٹر کے وزیر جتیندر اوہاڈ کی طبیعت اچانک بگڑی، تیز بخار کے بعد داخل اسپتال

منگل کے روز تیز بخار کے بعد جتیندر اوہاڈ کو جوپیٹر اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا، لیکن بدھ کے روز انھیں فورٹس اسپتال میں ریفر کیا گیا ہے اور اب وہیں ان کا علاج جاری ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

کورونا وائرس کی دہشت کے درمیان مہاراشٹر کے وزیر برائے گھریلو تعمیر اور رہائش جتیندر اوہاڈ کی طبیعت اچانک بگڑ گئی ہے۔ تیز بخار کی شکایت کے بعد انھیں فوری طور پر اسپتال میں داخل کرا دیا گیا ہے۔ میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ انھیں کورونا وائرس انفیکشن ہو سکتا ہے کیونکہ وہ کورونا پازیٹو مریض کے رابطے میں آ چکے ہیں۔ لیکن قابل غور بات یہ بھی ہے کہ انھوں نے کورونا ٹیسٹ گزشتہ دنوں کرایا تھا جس کی رپورٹ نگیٹو آئی تھی۔ اس کے بعد بھی جتیندر اوہاڈ نے احتیاط برتتے ہوئے خود کو گھر میں کوارنٹائن کر لیا تھا۔ گزشتہ ایک ہفتہ سے وہ گھر میں ہی تھے۔

تازہ ترین خبروں کے مطابق منگل کو انھیں تیز بخار آیا جس کے بعد انھیں ٹھانے جوپیٹر اسپتال میں داخل کرایا گیا۔ بدھ کے روز انھیں فورٹس اسپتال میں ریفر کیا گیا ہے اور اب وہیں ان کا علاج جاری ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ جتیندر اوہاڈ کچھ دنوں پہلے ہی ایک پولس افسر سے ملے تھے جو کورونا پازیٹو پایا گیا۔ اس کے بعد اوہاڈ نے احتیاطاً اگلے 14 دنوں کے لیے خود کو کوارنٹائن کرنے کا فیصلہ لیا تھا۔ لیکن اب ان کی طبیعت بگڑنے کے بعد دوبارہ سے کورونا ٹیسٹ کیا جائے گا۔


یہاں قابل غور یہ بھی ہے کہ جتیندر ٹھانے ضلع کے کلوا-ممبرا اسمبلی حلقہ سے رکن اسمبلی ہیں جہاں گزشتہ کچھ ہفتہ میں کئی لوگ کورونا انفیکشن میں مبتلا پائے گئے ہیں۔ ممبرا پولس اسٹیشن کے سینئر پولس انسپکٹر سمیت کچھ ملازمین کو کورونا پازیٹو پائے جانے کے بعد جتیندر اوہاڈ کے بنگلے پر کام کرنے والے کچھ سیکورٹی گارڈ، صفائی اہلکار اور این سی پی کے لیڈروں کا بھی کورونا ٹیسٹ کرایا گیا تھا اور کئی اس بیماری میں مبتلا پائے گئے تھے۔ سبھی کا علاج اسپتال میں جاری ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔