مہاراشٹر کے ایک اور وزیر نے کہا- ’ممبئی میں لگ سکتا ہے لاک ڈاؤن‘

ممبئی میں متعدد جگہوں پر عوام کا ہجوم دکھائی دے رہا ہے اور ایک ایسی صورتحال پیدا کی جارہی ہے جہاں کورونا کو مدعو کیا جا رہا ہے اور اس کو روکنا ضروری ہے۔

تصویر آئی اےاین ایس
تصویر آئی اےاین ایس
user

یو این آئی

ممبئی سمیت پورے مہاراشٹر میں گزشتہ چار پانچ دنوں سے کورونا مریضوں کی تعداد روز بروز بڑھتی جا رہی ہے نیز ممبئی میں کورونا مریضوں کی تیزی سے بڑھتی ہوئی تعداد تشویش کا باعث بن گئی ہے۔ لہذا اگر ممبئی کے عوام سرکاری گائیڈ لائن پر عمل نہیں کریں گے تو ممبئی میں ایک بار پھر لاک ڈاؤن لگانا پڑے گا مذکورہ تمام باتیں ممبئی کے نگراں وزیر اسلم شیخ نے میڈیا سے بات چیت کے دوران کہی۔

اسلم شیخ نے کہا کہ کورونا وباء ایک بار پھر عروج پر ہے ریاست کے بیشتر حصوں میں مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے اور ممبئی میں بھی کورونا پھیل رہا ہے۔ ایسے میں ایک بار پھر اگر ممبئی کورونا کی جکڑ میں آتی ہے تو اس سے باہر نکلنا بہت مشکل ہوگا لہذا ممبئی کی عوام سے اپیل ہے کہ وہ کورونا کی گائیڈ لائن پر سختی سے عمل کریں۔


اسلم شیخ کے مطابق حکومت اور انتظامیہ کورونا کو کنٹرول میں لانے کے لئے کوشاں ہیں اور شہریوں کو سرکاری گائیڈ لائن پر عمل کرنے کی ضرورت ہے۔ اُنہوں نے ممبئی کے لوگوں کو متنبہ کیا کہ اگر عوام قوانین پر عمل نہیں کرتے ہیں توحکومت کو مجبوراً دوبارہ لاک ڈاؤن کا سہارا لینا پڑے گا۔

انہوں نے کہا کہ فی الحال ممبئی میں متعدد جگہوں پر عوام کا ہجوم دکھائی دے رہا ہے ، شادی کی تقریبات کے ساتھ ساتھ سیاحتی مقامات پر بھی بڑی تعداد میں عوامی ہجوم نظر آرہا ہے۔ اس لئے ایک ایسی صورتحال پیدا کی جارہی ہے جہاں ہم کورونا کو مدعو کررہے ہیں اور اس کو روکنا ضروری ہے۔ اسلم شیخ نے کہا کہ وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے نے تمام جلسوں اور تقاریب پر پابندی کا حکم دیا ہے۔ تاہم ہر شہری سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنی ذمہ داریوں کو تسلیم کریں اور قواعد پر سختی سے عمل کریں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 23 Feb 2021, 6:40 AM