مہاراشٹر بلدیاتی انتخاب: ’بدعنوانی کا الزام عائد کرنے سے پہلے خود احتسابی کریں‘، بی جے پی کا اجیت پوار پر حملہ

مہاراشٹر بی جے پی صدر رویندر چوہان نے کہا کہ اگر بی جے پی بھی الزامات عائد کرنے کا سلسلہ شروع کرے تو اس سے اجیت پوار کے لیے مشکلات کھڑی ہو سکتی ہیں۔

بی جے پی کا پرچم، تصویر آئی اے این ایس
i
user

قومی آواز بیورو

مہاراشٹر حکومت میں شامل اجیت پوار کو بلدیاتی انتخاب میں اپنی ساتھی پارٹی بی جے پی کے لیڈران سے ہی پھٹکار سننے کو مل رہی ہے۔ بیان بازی کا ایک دراز سلسلہ شروع ہو چکا ہے، جس نے سیاسی ہلچل کو بڑھا کر رکھ دیا ہے۔ نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار کے ذریعہ پمپری-چنچواڑ میونسپل کارپوریشن میں بدعنوانی اور قرض کے الزامات عائد کیے جانے پر بی جے پی نے سخت جوابی حملہ کیا ہے۔ ریاستی بی جے پی صدر رویندر چوہان نے کہا کہ الزامات عائد کرنے سے پہلے اجیت پوار کو خود احتسابی کرنی چاہیے۔

رویندر چوہان نے ہفتہ کے روز کہا کہ اگر بی جے پی بھی الزامات کا سلسلہ شروع کرے تو اس سے اجیت پوار کے لیے سنگین مشکلات کھڑی ہو سکتی ہیں۔ انھوں نے یہ سوال بھی اٹھایا کہ پوار یہ واضح کریں کہ ان کا نشانہ کس پارٹی پر ہے؟ کیا وہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت والی پارٹی کی بات کر رہے ہیں؟ چوہان کا کہنا ہے کہ اجیت پوار کا بیان میونسپل کارپوریشن انتخاب کے پس منظر میں آیا ہے، جس سے اس کے سیاسی مقاصد پر سوال اٹھتے ہیں۔


واضح رہے کہ پمپری-چنچواڑ میونسپل کارپوریشن 2017 سے 2022 تک بی جے پی کی حکومت رہی۔ اس کے بعد وہاں حاکم مقرر کیا گیا۔ اب 15 جنوری کو کارپوریشن انتخاب ہونے جا رہا ہے۔ ووٹنگ سے قبل شروع ہوئی بیان بازیوں نے دلچسپ حالات پیدا کر دیے ہیں اور بی جے پی و اجیت پوار کی قیادت والی این سی پی آپس میں ہی نبرد آزما ہوتی ہوئی دکھائی دے رہی ہے۔