مہاراشٹر حکومت کا بڑا فیصلہ، ’نان ڈیری پنیر‘ پر عائد کی مکمل پابندی، خلاف ورزی کرنے پر جیل اور بھاری جرمانہ کا التزام
حکومت نے واضح کیا ہے کہ اگر کوئی شخص یا ادارہ ’نان ڈیری پنیر‘ پر عائد پابندی کی خلاف ورزی کرتا ہے تو جرم کی سنگینی کی بنیاد پر 6 ماہ تک کی جیل اور ایک لاکھ روپے تک کا جرمانہ عائد کیا جا سکتا ہے۔

مہاراشٹر حکومت نے عوامی صحت کو ترجیح دیتے ہوئے ریاست میں ’اینالاگ‘ پنیر یعنی نان ڈیری پنیر کی تیاری، فروخت، ذخیرہ اندوزی، نقل و حمل اور تقسیم پر مکمل طور سے پابندی عائد کر دی ہے۔ اس فیصلے کے ساتھ مہاراشٹر، چھتیس گڑھ کے بعد ملک کی دوسری ریاست بن گئی ہے جس نے ایسا قدم اٹھایا ہے۔ حکومت کے مطابق پابندی کی خلاف ورزی کرنے والے خلاف فوڈ سیفٹی ایکٹ کے تحت سخت کارروائی کی جائے گی۔
30 جولائی کو فوڈ سیفٹی کمشنر تکارام منڈھے کی جانب سے جاری حکم کے مطابق ’اینالاگ‘ پنیر یعنی نان ڈیری پنیر کی تیاری، پروسیسنگ، پیکجنگ، ذخیرہ اندوزی، نقل و حمل، تھوک اور خوردہ فروخت کے ساتھ ساتھ فرووخت کے لیے پیش کرنے پر بھی فوری اثر سے پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ اس کا مطلب ہے کہ اس طرح کے پنیر سے منسلک مکمل سپلائی چین اب پابندی کے زد میں رہے گی۔ حکومت نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ اگر کوئی شخص یا ادارہ ان اصول و ضوابط کی خلاف ورزی کرتا ہے تو جرم کی سنگینی کی بنیاد پر 6 ماہ تک کی جیل اور ایک لاکھ روپے تک کا جرمانہ عائد کیا جا سکتا ہے۔ اس کے علاوہ اگر نان ڈیری پنیر کے استعمال سے کسی شخص کی موت ہوتی ہے تو عمر قید اور کم از کم 10 لاکھ روپے کے جرمانے کا التزام ہے۔
فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن (ایف ڈی اے) نے بھی اس معاملے میں اپنا موقف واضح کر دیا ہے۔ محکمہ کے مطابق اگر کوئی شخص یا ادارہ اینلاگ پنیر کو اصلی ڈیری پنیر بتا کر فروخت کرتا ہے تو اسے صارفین کو گمراہ کرنا مانا جائے گا۔ ساتھ ہی اسے فوڈ سیفٹی اینڈ اسٹینڈرس ایکٹ 2006 کے تحت غیر مناسب تجارتی سرگرمی مانا جائے گا اور ایسے معاملات میں قانونی کارروائی کی جائے گی۔ گزشتہ سال مہاراشٹر اسمبلی میں بھی اینالاگ پنیر کا معاملہ اٹھا تھا، جہاں اراکین اسمبلی نے اس پر مکمل پابندی عائد کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔ اب حکومت نے اس مطالبہ پر عمل کرتے ہوئے ریاست بھر میں اس پر پابندی عائد کر دی ہے۔
مہاراشٹر حکومت کا کہنا ہے کہ صارفین کے صحت سے متعلق معاملات میں کسی طرح کی لاپرواہی یا سمجھوتہ قبول نہیں کیا جائے گا۔ یہی وجہ ہے کہ اینالاگ پنیر پر مکمل پابندی عائد کرنے کے ساتھ ایف ڈی اے کو بھی سخت نگرانی اور قانونی کارروائی کی ہدایات دی گئی ہیں۔ جیل سے لے کر بھاری جرمانے تک کے التزامات اس فیصلے کو ریاست کی ایک بڑی فوڈ سیفٹی کارروائی کے طور پر سامنے لاتے ہیں۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
