اجیت پوار نائب وزیر اعلیٰ عہدے سے مستعفی، فڑنویس کے بھی استعفیٰ کا امکان

مہاراشٹر کے نائب وزیر اعلی اجیت پوار نے تین دن کے بعد ہی عہدے سے استعفیٰ دے دیا، اب دیویندر فڑنویس بھی 3.30 بجے پریس کانفرنس کرنے جارہے ہیں۔ کہا جا رہا ہے کہ وہ بھی اپنے استعفیٰ کا اعلان کر سکتے ہیں

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

ممبئی: مہاراشٹر کے نائب وزیر اعلی اجیت پوار نے منگل کے روز حلف اٹھانے کے تین دن ہی عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔ میڈیا رپورٹوں کے مطابق، انہوں نے اپنا استعفیٰ وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس کو پیش کیا ہے۔ اس کے علاوہ دیویندر فڑنویس بھی ساڑھے تین بجے میڈیا سے گفتگو کرنے جارہے ہیں۔ کہا جا رہا ہے کہ خود دیویندر فڑنویس بھی اپنا استعفیٰ دینے کا اعلان کر سکتے ہیں۔ منگل کی صبح سے ہی اجیت پوار کے استعفی پر قیاس آرائیاں کی جا رہی تھیں۔

دریں اثنا، سپریا سولے کے شوہر سدانند کی اجیت پوار سے ملاقات کی بھی اطلاعات ہیں، اسی کے بعد سے کہا جا رہا تھا کہ اجیت پوار بھی واپس شرد پوار کے خیمہ میں لوٹ سکتے ہیں۔ سپریم کورٹ کی جانب سے بدھ کے روز مہاراشٹر اسمبلی میں فلور ٹیسٹ کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ پیر کی شام کو شیوسینا، این سی پی اور کانگریس نے ایک ہوٹل میں 162 ایم ایل اے کی پریڈ کی تھی، جس کے بعد سے فوڈنویس کے لئے اپنی اکثریت ثابت کرنا مشکل سمجھا جا رہا ہے۔


ادھر، دیویندر فڑنویس کے استعفے کے بارے میں قیاس آرائیاں اس لئے بھی تیز ہیں کیونکہ دہلی میں پارلیمنٹ اجلاس سے الگ وزیر اعظم نریندر مودی ، امت شاہ اور جے پی نڈا کے درمیان ملاقات ہوئی ہے۔ خیال کیا جاتا ہے کہ اس میٹنگ میں مہاراشٹر کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

دریں اثنا، سپریم کورٹ کے فلور ٹیسٹ کا حکم دینے کے بعد پُر جوش اپوزیشن خیمہ نے گورنر سے کانگریس کے سینئر ممبر اسمبلی بالاصاحب تھوراٹ کو پروٹیم اسپیکر بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔ این سی پی رہنما جینت پاٹل نے کہا کہ سنیارٹی کی بنیاد پر ہم نے گورنر سے بالاصاحب تھوراٹ کو پرو ٹیم اسپیکر بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔ واضح رہے کہ کانگرس کے ایک اجلاس کے دوران آج ہی بالاصاحت تھوراٹ کو قانون ساز پارٹی کا قائد منتخب کر لیا گیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */