مہاراشٹر: ڈپٹی سی ایم اجیت پوار کی ویڈیو وائرل؛ خاتون آئی پی ایس کو کارروائی روکنے کی دھمکی، اپوزیشن نے اٹھائے سوالات

مہاراشٹر کے ڈپٹی سی ایم اجیت پوار کی ویڈیو وائرل ہو رہی ہے، جس میں وہ خاتون آئی پی ایس انجنا کرشنا کو مبینہ طور پر غیر قانونی کھدائی روکنے کی کارروائی بند کرنے کا کہتے اور دھمکاتے نظر آ رہے ہیں

<div class="paragraphs"><p>سوشل میڈیا</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

ممبئی: مہاراشٹر کی سیاست میں ایک نیا تنازعہ اس وقت کھڑا ہو گیا جب ریاست کے ڈپٹی چیف منسٹر اجیت پوار کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔ اس ویڈیو میں وہ سولاپور ضلع کے مادھا تعلقہ کے کُردو گاؤں میں غیر قانونی مٹی کی کھدائی کے خلاف کارروائی کر رہی خاتون آئی پی ایس انجنا کرشنا سے مبینہ طور پر کارروائی روکنے کے لیے کہتے اور سخت لہجے میں بات کرتے ہوئے سنے گئے۔

ویڈیو میں اجیت پوار یہ کہتے ہوئے نظر آتے ہیں، ’’تم اتنی نڈر ہو؟ میں کارروائی کروں کیا؟‘‘ ان کا یہ جملہ اب سیاسی بحث کا مرکز بن گیا ہے۔ مزید برآں وہ خاتون افسر سے ان کا فون نمبر طلب کرتے ہیں اور بعد میں ویڈیو کال پر بھی رابطہ کرتے ہیں۔ اس گفتگو کے دوران مبینہ طور پر پوار نے کہا کہ کارروائی فی الحال روک دی جائے اور متعلقہ تحصیلدار سے بات کی جائے۔

واقعہ اس وقت پیش آیا جب مقامی پولیس کو غیر قانونی کھدائی کی شکایت ملی۔ ڈپٹی ایس پی انجنا کرشنا موقع پر پہنچی تھیں اور کارروائی شروع کی تھی۔ اس دوران چند مقامی افراد نے مخالفت کرتے ہوئے براہِ راست اجیت پوار کو فون ملا دیا۔ بات چیت کے دوران جب افسر نے کہا کہ وہ نہیں جانتیں کہ دوسری طرف کون بات کر رہا ہے، تو پوار نے خود کو ڈپٹی سی ایم بتایا اور نمبر لے کر ویڈیو کال پر بھی بات کی۔

اس واقعے کے منظر عام پر آتے ہی اپوزیشن جماعتوں نے حکومت کو نشانے پر لے لیا۔ شیو سینا کی رکن پارلیمان پرینکا چترویدی نے کہا، ’’یہی ہے اقتدار کا غرور! ایک ڈپٹی سی ایم ایک خاتون افسر سے اس طرح دھمکی آمیز لہجے میں بات کرے، یہ افسوسناک ہے۔‘‘


سماجی کارکنوں نے بھی شدید ردعمل ظاہر کیا۔ وجے کنبھار نے کہا کہ یہ واقعہ اس بات کی علامت ہے کہ بعض رہنما اپنی مرضی کے مطابق افسران کو عہدوں پر بٹھانا چاہتے ہیں تاکہ قانون پر اثرانداز ہو سکیں۔ کارکن انجلی دمنیا نے مطالبہ کیا کہ اجیت پوار کو افسر سے معافی مانگنی چاہیے۔

این سی پی نے دفاع کرتے ہوئے کہا کہ اجیت پوار کا مقصد کارروائی روکنا نہیں بلکہ کارکنوں کو پرسکون کرنا تھا۔ پارٹی کے ریاستی صدر سنیل تٹکرے نے کہا، ’’اجیت دادا صاف گو ہیں۔ ان کا مقصد صورتحال کو وقتی طور پر قابو میں کرنا رہا ہوگا، وہ کبھی غیر قانونی سرگرمیوں کی حمایت نہیں کرتے۔‘‘

اسی دوران ریاستی وزیر چندرشیکھر باونکُلے نے کہا کہ اس طرح کے کال پر ہمیشہ الجھن پیدا ہو جاتی ہے، کیونکہ افسر کارروائی کو غیر قانونی قرار دیتا ہے جبکہ دوسری جانب مقامی لوگ اسے قانونی بتاتے ہیں۔

قابل ذکر ہے کہ آئی پی ایس انجنا کرشنا 2023 بیچ کی افسر ہیں۔ وہ کیرالہ کی رہائشی ہیں اور یو پی ایس سی 2022 میں آل انڈیا رینک 355 کے ساتھ کامیاب ہوئیں۔ سولاپور کے کرمالا میں ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کے طور پر تعینات انجنا کرشنا نے کم وقت میں اپنی ایمانداری اور سخت فیصلوں کی بدولت الگ شناخت قائم کی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔