مہاراشٹر کے نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار کا طیارہ ہوا حادثہ کا شکار، طیارہ میں سوار تمام افراد جاں بحق

طیارے میں مجموعی طور پر 6 افراد سوار تھے اور یہ حادثہ کم بصارت کی وجہ سے پیش آیا۔ حادثہ اتنا ہولناک تھا کہ حادثہ کے بعد پورے علاقے میں دھواں پھیل گیا۔

<div class="paragraphs"><p>اجیت پوار (فائل) / سوشل میڈیا</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

مہاراشٹر کے نائب وزیر اعلیٰ اور این سی پی کے سربراہ اجیت پوار کا طیارہ حادثے کا شکار ہو گیا ہے۔ یہ حادثہ بدھ کی صبح 8 بج کر 45 منٹ پر مہاراشٹر کے بارامتی میں پیش آیا۔ ہندی نیوز پورٹل ’اے بی پی نیوز‘ کے مطابق طیارے میں سوار اجیت پوار سمیت تمام 6 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ اجیت پوار بارامتی میں ایک عوامی جلسے میں شرکت کے لیے جا رہے تھے اور یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب طیارہ لینڈ کر رہا تھا۔ انتظامیہ اور ریسکیو ٹیم جائے وقوعہ پر پہنچ چکی ہیں۔ سیکورٹی ایجنسیاں مختلف زاویے سے واقعہ کا جائزہ لے رہی ہیں۔

طیارے میں کل 6 افراد سوار تھے اور یہ حادثہ کم بصارت کی وجہ سے پیش آیا۔ کئی میڈیا رپورٹس میں طیارہ میں 5 لوگوں کے سوار ہونے کی اطلاع دی جا رہی ہے۔ حادثہ اتنا ہولناک تھا کہ حادثہ کے بعد پورے علاقے میں دھواں پھیل گیا۔ اجیت پوار آج صبح ممبئی سے بارامتی کے لیے خصوصی طیارے سے روانہ ہوئے تھے جہاں ضلع پریشد انتخابات کے لیے انتخابی مہم کے سلسلے میں جلسے منعقد کیے جا رہے تھے۔


جائے وقوعہ سے سامنے آنے والی تصاویر اور ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ طیارہ ایک کھیت میں گرا ہوا ہے اور اس میں بھیانک آگ لگی ہوئی ہے۔ چاروں طرف گہرا دھواں اٹھتا دکھائی دے رہا ہے۔ طیارہ مکمل طور پر جل کر راکھ ہو چکا ہے اور اس کے ٹکڑے دور دور تک بکھرے نظر آ رہے ہیں۔ مقامی لوگوں کے مطابق یہ حادثہ بارامتی ایئرپورٹ سے تقریباً 3 سے 4 کلومیٹر پہلے پیش آیا۔

رپورٹس کے مطابق نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار کو بدھ (28 جنوری) کو بارامتی تعلقہ میں ضلع پریشد اور پنچایت کمیٹی کے عام انتخابی مہم کے سلسلے میں مختلف جلسوں سے خطاب کرنا تھا۔ ان کا پروگرام صبح 10 بجے نیراواگج سے شروع ہونا تھا، جس کے بعد دوپہر 12 بجے پنڈھرے میں جلسہ کرنا تھا۔ دوپہر3 بجے کرنجے پل میں عوامی جلسے سے خطاب کے بعد ان کا آخری پروگرام شام 5:30 بجے سوپا میں ہونا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔