مہاراشٹر گورنر سے ملیں گے شیوسینا، این سی پی اور کانگریس کے رہنما

شیوسینا لیڈر سنجے راوت نے کہا کہ ’آپریشن کمل‘ میں 4 لوگ شامل ہیں، سی بی آئی، ای ڈی، محکمہ انکم ٹیکس اور پولیس کی طرف سے ’آپریشن کمل‘ چلایا گیا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

مہاراشٹر میں سیاسی ہلچل کے درمیان آج ممبئی میں کانگریس، این سی پی اور شیوسینا کے لیڈر گورنر بھگت سنگھ کوشیاری سے ملاقات کریں گے اور انهیں اس بات کی معلومات دیں گے کہ اکثریت ان کے پاس ہے، تینوں پارٹیوں کے لیڈر گورنر سے ملنے جا رہے ہیں اس بات کی معلومات شیوسینا لیڈر سنجے راوت نے دی ہے۔

ممبئی میں شیو سینا لیڈر سنجے راوت نے کہا کہ آج کانگریس، این سی پی اور شیوسینا کے لیڈر گورنر سے ملاقات کریں گے، بی جے پی پر نشانہ لگاتے ہوئے سنجے راوت نے کہا، ’’آپریشن کمل میں چار لوگ شامل ہیں، سی بی آئی، ای ڈی، محکمہ انکم ٹیکس اور پولس کی طرف سے ’آپریشن کمل‘ چلایا گیا ہے، لیکن اس سے یہاں کوئی نتیجہ نہیں نکلے گا۔ اگر آپ کے (بی جے پی) پاس اکثریت ہے تو آپ کو ’آپریشن کمل‘ کی ضرورت کیوں ہے‘‘؟


وہیں، این سی پی لیڈر نواب ملک کے تازہ بیان سے بی جے پی کی صفوں میں کھلبلی مچ گئی ہے، انہوں نے کہا کہ این سی پی کے 53 ممبران اسمبلی ہمارے ساتھ ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ 165 ممبران اسمبلی کو ہماری حمایت ہے۔ غور طلب ہے کہ این سی پی کے کل 54 ممبران اسمبلی ہیں۔ پارٹی کا کہنا ہے کہ 53 ایم ایل اے اس کے ساتھ ہیں۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ اب صرف اجیت پوار ہی بی جے پی کے ساتھ ہیں، باقی کے ممبر اسمبلی این سی پی میں واپس آئے ہیں۔

نواب ملک نے مزید کہا، ’’دیویندر فڑنویس کو یہ سمجھنا چاہیے کہ ان کے پاس اکثریت نہیں ہے، انہیں احساس ہونا چاہیے کہ انہوں نے غلطی کی ہے، اگر وہ استعفی نہیں دیتے ہیں تو، ہم یقینی طور پر حکومت کو ایوان میں شکست دیں گے‘‘ـ

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔