مہاراشٹر: راج بھون کے باہر کانگریس پارٹی کا احتجاج، پولیس نے متعدد لیڈروں کو حراست میں لیا

مہنگائی اور بے روزگاری کے مسئلہ پر جمعہ کے روز ممبئی واقع راج بھون کے باہر احتجاج کرنے کی کوشش کرنے والے کانگریس لیڈروں اور کارکنوں کو حراست میں لے لیا گیا

تصویر آئی اے این ایس
تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

ممبئی: مہنگائی اور بے روزگاری کے مسئلہ پر جمعہ کے روز ممبئی واقع راج بھون کے باہر احتجاج کرنے کی کوشش کرنے والے کانگریس لیڈروں اور کارکنوں کو حراست میں لے لیا گیا۔ کانگریس کے ریاستی صدر نانا پٹولے اور پارٹی کے ممبئی سربراہ بھائی جگتاپ کی قیادت میں سینکڑوں لیڈروں اور کارکنوں نے بینرز اور پوسٹر اٹھا کر حکومت مخالف نعرے لگائے۔ تاہم، مالابار ہل میں گورنر کی رہائش گاہ کی طرف مارچ کرتے ہوئے انہیں نریمان پوائنٹ پر اسمبلی کے قریب ایک بڑی پولیس فورس نے روک لیا۔

نانا پٹولے نے کہا، "ہم پرامن اور جمہوری طریقے سے احتجاج کر رہے ہیں اور بھارتیہ جنتا پارٹی کی قیادت والی مرکزی حکومت کے خلاف اپنا احتجاج درج کرانے راج بھون جا رہے تھے۔ آسمان چھوتی مہنگائی، جی ایس ٹی (گڈز اینڈ سروسز ٹیکس) اور نوجوانوں میں بے روزگاری کی وجہ سبب متاثرین کی تعداد بڑھ رہی ہے۔


پٹولے اور جگتاپ کے علاوہ کانگریس مقننہ کے سربراہ بالا صاحب تھوراٹ، سابق وزیر اعلیٰ اشوک چوہان، چندرکانت ہنڈور، ورشا گائیکواڑ جیسے پارٹی لیڈروں کو حراست میں لے لیا گیا۔ اس کے بعد انہیں ایک پولیس وین میں بٹھا کر مقامی پولیس اسٹیشن بھیج دیا گیا۔

پولیس کی کارروائی پر تنقید کرتے ہوئے تھوراٹ نے کہا کہ جمہوریت میں ’ہمیں احتجاج کرنے کا حق ہے‘ لیکن موجودہ بی جے پی حکومت ’ہمیں خاموش کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔‘

تھوراٹ نے خبردار کرتے ہوئے کہا ’’آزادی سے پہلے بھی ہمیں احتجاج کا حق تھا اور ہم عام لوگوں کی مشکلات کے خلاف آواز اٹھانا جاری رکھیں گے۔"

پولیس نے مہاراشٹر کے دیگر بڑے شہروں میں مظاہروں کے علاوہ ملک گیر احتجاج میں شامل کانگریس کے جھنڈے والی گاڑیوں اور ممبئی اور ریاست کے مختلف حصوں سے راج بھون پہنچنے کی کوشش کرنے والوں کو بھی روک دیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔