گھر واپسی: سونیا کے حکم کی تعمیل، مہاراشٹر کانگریس نے 4627 مزدوروں کا خرچ اٹھایا

لاک ڈاؤن میں پھنسے مزدوروں سے ٹرین کرایہ وصولی پر سونیا گاندھی نے پارٹی کی سبھی یونٹوں کو مزدوروں کی گھر واپسی کا انتظام کرنے کا حکم دیا تھا۔ اس کے بعد ملک بھر میں مزدوروں کی مدد شروع ہو گئی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

کانگریس صدر سونیا گاندھی کے ذریعہ پارٹی کی ریاستی یونٹوں اور لیڈروں کو لاک ڈاؤن میں پھنسے غریب مزدوروں کی گھر واپسی کا انتظام کرنے کے حکم پر عمل شروع ہو گیا ہے۔ اس حکم کے جاری ہونے کے بعد سے مہاراشٹر کانگریس نے اب تک تقریباً 4627 مہاجر مزدوروں کے ٹکٹ کی رقم ادائیگی کر ان کی گھر واپسی کا انتظام کیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی ان سبھی مزدوروں کے کھانے پینے کے انتظام کے ساتھ ہی ان سبھی کی جانچ کا بھی کانگریس نے انتظام کیا۔ جانچ کے بعد ہی سبھی کو ان کی ریاست بھیجا گیا۔


مہاراشٹر یونٹ کانگریس کے سربراہ اور ریاستی حکومت میں وزیر خزانہ بالا صاحب تھوراٹ نے جمعرات کے روز اس کی جانکاری دیتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ کچھ دنوں میں مہاراشٹر سے بہار لوٹنے والے تقریباً 4627 مہاجر مزدوروں کے ٹکٹوں کی رقم ادائیگی کی گئی ہے۔ انھوں نے بتایا کہ وزیر توانائی نتن راؤت، مویشی پروری کے وزیر سنیل کیدار اور رکن اسمبلی رنجیت کامبلے کی دیکھ ریکھ میں پارٹی نے 2019 مہاجروں کے لیے ٹکٹوں کی ادائیگی کی۔ ان سبھی نے ناگپور سے مظفر پور اور وردھا سے پٹنہ کے لیے ٹرین پکڑی تھی۔

بالا صاحب تھوراٹ نے کہا کہ چندر پور کے انچارج وزیر وجے وڈیتیوار اور رکن پارلیمنٹ بالو بھاؤ دھنورکر اور پارٹی کی چندر پور شہر اور ضلع یونٹوں نے بھی تقریباً 239 مہاجروں کے پٹنہ لوٹنے کے لیے ٹکٹ کے رقم کی ادائیگی کی۔ ساتھ ہی ریاستی کانگریس کے کارگزار سربراہ مظفر حسین نے اتر پردیش اور بہار کے لیے ایک خصوصی ٹرین سے تقریباً 1200 مہاجروں کے ایک قافلے کو بھیجنے کا انتظام کیا۔ انھوں نے بتایا کہ دیگر مہاجر مزدورں کے ٹکٹ اور دیگر بلوں کا دیگر ضلع پارٹی یونٹوں، اراکین اسمبلی، اراکین پارلیمنٹ اور دیگر لیڈروں نے اپنے اپنے علاقوں میں دھیان رکھا ہے۔


غور طلب ہے کہ گزشتہ دنوں پورے ملک میں لاک ڈاؤن میں پھنسے مہاجر مزدوروں کے لیے مرکزی حکومت کے ذریعہ خصوصی ٹرین چلانے کے بعد ریلوے کے ذریعہ ان مزدوروں سے کرایہ وصولنے کی خبریں آئی تھیں۔ کئی جگہ تو ریلوے کے ذریعہ عام دنوں سے زیادہ کرایہ لینے کا معاملہ بھی سامنے آیا۔ اس سلسلے میں کانگریس صدر سونیا گاندھی نے مودی حکومت پر تلخ حملہ کیا تھا اور کہا تھا کہ اگر حکومت غریب مزدوروں کی گھر واپسی کا خرچ نہیں اٹھا سکتی تو کانگریس پارٹی خرچ اٹھائے گی۔ انھوں نے پارٹی کی سبھی یونٹوں کو مہاجر مزدوروں کی گھر واپسی کا انتظام کرنے کا حکم دیا تھا۔ اس کے بعد ملک بھر میں کانگریس کی طرف سے مزدوروں کو مدد ملنے لگی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔