شیوسینا کے ارکان اسمبلی کو توڑنے کی سازش! ایم پی نے کہا- ’رابطہ میں ہیں 45 ایم ایل اے‘

بی جے پی کے رکن پارلیمان سنجے کاکڑے نے ایک بڑا بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ شیوسینا کے نومنتخب 56 میں سے 45 ممبر اسمبلی بی جے پی کے رابطے میں ہیں

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

مہاراشٹر میں بی جے پی اور شیوسینا کے درمیان اقتدار حاصل کرنے کی ہوڑ اب عروج پر پہنچ گئی ہے۔ دونوں جماعتوں کی جانب سے وزیر اعلیٰ عہدے کے لئے اپنے دعوے کو مضبوط قرار دیا جا رہا ہے اور ایک دوسرے پر الزامات بھی عائد ہو رہے ہیں۔ ایک طرف جہاں شیوسینا کے سینئر لیڈر سنجے راؤت جارحانہ رویہ اختار کیے ہوئے ہیں اور بی جے پی پر حملہ آور ہیں۔ وہیں دیویندر فڑنویس نے بھی شیوسینا پر پلٹ وار کیا ہے۔ دریں اثنا بی جے پی کے رکن پارلیمان سنجے کاکڑے نے ایک بڑا بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ شیوسینا کے 45 ممبر اسمبلی بی جے پی کے ساتھ رابطے میں ہیں۔

بی جے پی کے ممبر پارلیمنٹ سنجے کاکڑے نے دعویٰ کیا کہ ’’شیوسینا کے نومنتخب 56 میں سے 45 ایم ایل اے وزیر اعلی کے رابطے میں ہیں اور مخلوط حکومت تشکیل دینا چاہتے ہیں۔ مجھے لگتا ہے کہ ان 45 میں سے کچھ ارکان اسمبلی ادھو ٹھاکرے کو منالیں گے اور دیویندر فڑنویس کو وزیر اعلی بنانے اور حکومت سازی کرنے پر راضی کرلیں گے۔‘‘


کاکڑے نے مزید کہا، ’’مجھے نہیں لگتا کہ اس کے علاوہ اور کوئی آپشن نہیں ہے۔ شیوسینا کے ایم ایل اے مستقل طور پر فون کر رہے ہیں، وہ کہہ رہے ہیں کہ انہیں بھی حکومت میں شامل کیا جانا چاہیے۔‘‘ کاکڑے کے اس بیان پر سوال اٹھائے جا رہے ہیں اور یہ پوچھا جا رہا ہے کہ کیا بی جے پی شیوسینا کے ارکان اسمبلی کو توڑنے کی تیاری کر رہی ہے؟


کاکڑے کے بیان سے قبل شیوسینا کے رہنما سنجے راوت نے ایک بڑا بیان دیا تھا۔ انہوں نے بی جے پی پر براہ راست حملہ بولتے ہوئے کہا کہ مہاراشٹر میں کوئی دشینت چوٹالہ نہیں ہے جس کے والد جیل میں ہوں۔ راوت نے کہا کہ ہمارے پاس ایک متبادل ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔