'ایشوریہ جیسی خوبصورت آنکھیں چاہیے تو روزانہ مچھلی کھائیں'، مہاراشٹر کے وزیر کے بیان پر ہنگامہ

شندے حکومت میں وزیر وجئے کمار گاوِت نے کہا کہ مچھلی کھانے سے دو فائدے ہوتے ہیں، اگر خواتین کھاتی ہیں تو اس سے چہرہ چمک اٹھتا ہے، کیا کسی نے ایشوریہ رائے کو دیکھا ہے؟

ایشوریہ رائے، تصویر آئی اے این ایس
ایشوریہ رائے، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

مہاراشٹر کے وزیر وجئے کمار گاوِت کے ایک بیان پر ہنگامہ ہو گیا ہے۔ شندے-فڑنویس-اجیت اتحاد والی حکومت میں وزیر وجئے کمار گاوِت نے کہا ہے کہ اداکارہ اشیوریہ رائے ہر دن مچھلی کھاتی تھیں اس لیے ان کی آنکھیں اور جِلد خوبصورت ہیں۔ گاوِت نے لوگوں سے مچھلی کھانے کی اپیل بھی کی۔ انھوں نے کہا کہ مچھلی کھانے سے آپ کی آنکھیں بھی خوبصورت ہوں گی۔

گاوِت مہاراشٹر کے نندوربار سے بی جے پی لیڈر ہیں اور حکومت میں وزیر برائے قبائل ڈیولپمنٹ کا عہدہ سنبھال رہے ہیں۔ انھوں نے ایشوریہ رائے سے متعلق بیان تب دیا جب دھولے ضلع کے انترلی میں قبائلی ماہی گیروں کو مچھلی پکڑنے کے سامان تقسیم کرنے کے لیے ایک تقریب منعقد کی گئی تھی۔ اس موقع پر گاوِت نے ماہی گیروں سے خطاب کرتے ہوئے مذکورہ بالا بیان دیا جس پر تنازعہ کھڑا ہو گیا ہے۔ اب ان کے بیان کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔


وجئے کمار گاوِت نے کہا کہ مچھلی کھانے سے دو فائدے ہوتے ہیں۔ اگر خاتون کھاتی ہے تو اس سے چہرہ چمک اٹھتا ہے۔ جو بھی اسے دیکھے گا اسے یقین ہو جائے گا۔ کیا کسی نے ایشوریہ رائے کو دیکھا ہے؟ اس نے کیا کھایا یا نہیں، ایشوریہ رائے بنگلورو سے سمندر کے کنارے سے وہ ہر دن مچھلی کھاتی تھی، اس کی آنکھیں کیسی ہیں؟ آپ کی بھی ہوں گی۔ مچھلی کھانے سے ایک فائدہ یہ ہے کہ ہماری جِلد میں چمک آتی ہے۔ اس میں تیل ہے۔ اس کا آنکھوں پر اچھا اثر پڑتا ہے۔ وجئے کمار گاوِت نے کہا کہ مچھلی کے تیل سے جسم کی جِلد اچھی نظر آتی ہے۔

گاوِت کے اس بیان پر کانگریس پارٹی رکن اسمبلی امول مٹکاری نے ناراضگی ظاہر کی ہے۔ انھوں نے کہا کہ وزیر کو اس طرح کے تبصرے کرنے کی جگہ قبائلیوں کے ایشوز پر توجہ دینی چاہیے۔ دوسری طرف بی جے پی رکن اسمبلی نتیش رانے نے کہا کہ میں روزانہ مچھلی کھاتا ہوں، میری آنکھیں ویسی ہو جانی چاہیے تھیں۔ میں گاوِت صاحب سے پوچھوں گا کہ کیا اس پر کوئی ریسرچ ہے؟

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔