راج ٹھاکرے کی پارٹی ایم این ایس نے الیکشن لڑنے کا کیا اعلان، بی جے پی-شیو سینا حیران!

مہاراشٹر نو نرمان سینا آئندہ مہاراشٹر اسمبلی انتخاب میں اپنے امیدوار کھڑے کرے گی۔ پارٹی سربراہ راج ٹھاکرے نے آج اس کا باضابطہ اعلان کیا اور کہا کہ وہ پورے مہاراشٹر میں انتخابی تشہیر کے لیے جائیں گے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

مہاراشٹر نو نرمان (ایم این ایس) ریاست مہاراشٹر میں 21 اکتوبر کو ہونے والے اسمبلی انتخاب میں اپنا امیدوار کھڑے کرے گی۔ پارٹی سربراہ راج ٹھاکرے نے پیر کے روز باضابطہ طور پر اس کا اعلان کر دیا ہے۔ پارٹی عہدیداروں کے ساتھ میٹنگ کے دوران راج ٹھاکرے نے کہا کہ ’’ہم اسمبلی انتخاب لڑیں گے اور جیتیں گے بھی۔ سیٹوں اور امیدواروں کا اعلان آنے والے دنوں میں کیا جائے گا۔‘‘ حالانکہ ایم این ایس کتنی سیٹوں پر انتخاب لڑے گی، یہ انکشاف ابھی نہیں کیا گیا ہے، لیکن پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ تقریباً 125 سیٹوں پر مقابلہ کرنے کی تیاری ہے۔

یہ بات بھی ابھی تک صاف نہیں ہے کہ کیا پارٹی کسی کے ساتھ اتحاد کرے گی یا تنہا میدان میں اترے گی۔ حالانکہ اسے لے کر بھی پارٹی لیڈروں نے دعویٰ کیا ہے کہ وہ اتنی سیٹیں جیتنے میں کامیاب رہیں گے کہ کسی پارٹی کو اکثریت نہ ملنے کی حالت میں وہ ’کنگ میکر‘ کا کردار نبھا ئیں گے۔


اس دوران راج ٹھاکرے نے کہا کہ ان کے اور شرد پوار کے خلاف ای ڈی کی جانچ اس لیے کرائی جا رہی ہے تاکہ انتخاب میں کوئی معاشی مدد نہ مل سکے۔ انھوں نے کہا کہ ’’ای ڈی یا کوئی دوسری ایجنسی جب پیچھے پڑتی ہے تو کاروباری یا انتخاب میں مدد کرنے والے لوگ رابطہ کرنے سے بچتے ہیں، فون بھی نہیں اٹھاتے ہیں۔‘‘

راج ٹھاکرے نے اس سال کے لوک سبھا انتخاب میں اس وقت سبھی کو حیران کر دیا تھا، جب ان کی پارٹی انتخابی میدان میں نہیں اترنے کے باوجود برسراقتدار بی جے پی کے کے خلاف ماحول بنانے میں جی جان سے جٹ گئی تھی۔ راج ٹھاکرے کی ریلیوں میں اعلیٰ تکنیک کا استعمال ہوا تھا اور ان کی ہندی تقریروں کے ویڈیو دوسری ریاستوں میں بھی بھیجے گئے تھے۔ راج ٹھاکرے نے اس دوران ’لاؤ رے ویڈیو‘ (ویڈیو چلا) پروگرام کے ذریعہ سے حکومت کے خلاف مہم چلائی تھی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔