مہاراشٹر نتائج: بی جے پی کے ساتھ 50-50 فارمولہ پہلے سے طے ہے، اُدھو ٹھاکرے

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

24 Oct 2019, 4:50 PM

بی جے پی کے ساتھ 50-50 فارمولہ طے ہے، وزیر اعلیٰ کے نام پر جلد ہوگا فیصلہ: ادھو ٹھاکرے

شیو سینا سربراہ اُدھو ٹھاکرے نے میڈیا کے سامنے بیان دیا ہے کہ پارٹی نے بی جے پی کے ساتھ اتحاد سے پہلے ہی کئی چیزیں صاف کر دی تھیں۔ انھوں نے کہا کہ ہمارے درمیان 50-50 فارمولہ پہلے ہی طے کیا جا چکا ہے۔ اب صلاح و مشورہ کے بعد یہ بھی جلد طے ہو جائے گا کہ وزیر اعلیٰ کون ہوگا۔

24 Oct 2019, 4:11 PM

مینڈیٹ ظاہر کرتا ہے کہ لوگ ایشے شخص کو پسند کرتے ہیں جو بہتر نتیجہ دے گا: سپریا سولے

این سی پی لیڈر سپریا سولے نے میڈیا سے کہا کہ ’’آج ملک میں معاشی بدحالی، بے روزگاری، مہنگائی، کسانوں کا ایشو بڑا چیلنج ہے۔ اہم ایشوز کو چھوڑا جا رہا ہے اور بلاوجہ کی چیزیں میں لوگوں کو پھنسایا جا رہا ہے۔ یہ مینڈیٹ آپ کو واضح طور سے بتاتا ہے کہ لوگ کسی ایسے شخص کو چاہتے ہیں جو بہتر نتیجہ دے گا۔‘‘

24 Oct 2019, 3:09 PM

عوام کو حکمراں جماعت کا 220 سیٹ جیتنے کا دعوی پسند نہیں آیا: پوار

ممبئی: نیشلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی )کے سبراہ شردپوار نے جمعرات کو کہا کہ عوام نے حکمراں جماعت کے 220 سیٹ پر جیت درج کرنے کے دعوے کو پسند نہیں کیا۔

پوار نے یہاں صحافیوں سے کہا کہ عوام نے لیڈروں کے پارٹی بدلنے کے قدم کو تسلیم نہیں کیا۔ انھوں نے کہا کہ کچھ ماہ قبل ادین راجے بھونسلے کو این سی پی کے ٹکٹ پر عوام نے لوک سبھا بھیجا تھا لیکن انھوں نے پارٹی چھوڑ کر لوک سبھا کی رکنیت سے دیدیا اور پھر سے انتخابی میدان میں اترے لیکن عوام نے انھیں مسترد کر دیا۔

این سی پی صدر نے کہا کہ کانگریس اور این سی پی کے کارکنوں نے بہت محنت کی جس کے لیے وہ سبھی کارکنوں کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ اقتدار تو آتا جاتا رہتا ہے لیکن حکمراں جماعت کے لوگوں کو ہنگامہ نہیں کرنا چاہئے اور زمین سے جڑا رہنا چاہئے۔


24 Oct 2019, 2:07 PM

آدتیہ ٹھاکرے کو وزیر اعلیٰ بنانا چاہتی ہے شیو سینا، بی جے پی پر بنایا جا رہا دباؤ

مہاراشٹر میں شیو سینا آدتیہ ٹھاکرے کو وزیر اعلیٰ بنانا چاہتی ہے اور میڈیا ذرائع کے مطابق اس نے بی جے پی کے سامنے یہ بات رکھ بھی دی ہے۔ پارٹی لگاتار بی جے پی پر دباؤ بنا رہی ہے کہ وہ 2.5 سال کے لیے شیو سینا کو بی جے پی کا عہدہ دے۔ چونکہ بی جے پی مہاراشٹر میں 100 سیٹوں تک محدود ہوتی ہوئی نظر آ رہی ہے اس لیے وہ بغیر شیو سینا کے حکومت نہیں بنا سکتی۔ یہی وجہ ہے کہ شیو سینا نے بی جے پی پر دباؤ بنانا شروع کر دیا ہے۔ ریاست میں شیو سینا کم و بیش 65 سیٹیں حاصل کر رہی ہے۔ کانگریس اتحاد کو اس ریاست میں 100 سے زائد سیٹیں ملتی ہوئی نظر آ رہی ہیں۔

24 Oct 2019, 1:10 PM

تازہ رجحانات میں بی جے پی اتحاد 161، کانگریس اتحاد 98 سیٹوں پر آگے

رجحانات میں گزشتہ 2 گھنٹوں میں کافی پھیر بدل دیکھنے کو ملا ہے اور چند کچھ سیٹوں پر کانگریس اتحاد کے امیدواروں نے بی جے پی اتحاد کے امیدواروں کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ اس وقت کانگریس اتحاد 98 سیٹوں پر سبقت بنائے ہوئے ہے جب کہ بی جے پی اتحاد کو 161 سیٹوں پر سبقت حاصل ہے۔ بقیہ سیٹوں پر دیگر پارٹیوں کے امیدوار آگے ہیں۔


24 Oct 2019, 12:45 PM

شیو سینا نے بی جے پی سے مانگی ’سی ایم کرسی‘

میڈیا ذرائع کے مطابق شیو سینا نے مہاراشٹر میں بی جے پی سے وزیر اعلیٰ کا عہدہ مانگا ہے۔ شیو سینا کا کہنا ہے کہ اسے 2.5-2.5 سال کے لیے یہ عہدہ آپس میں تقسیم کر لینا چاہیے۔ ساتھ ہی خبریں یہ بھی ہیں کہ شیو سینا نے نصف وزارتوں کا بھی مطالبہ کیا ہے۔ چونکہ بی جے پی ریاست میں اپنی طاقت پر حکومت بناتی ہوئی نظر نہیں آ رہی ہے اس لیے اپنے اتحادی پارٹی شیو سینا کے مطالبات پر اسے غور کرنا پڑ سکتا ہے۔

24 Oct 2019, 11:58 AM

بی جے پی کے 6 ریاستی وزیر رجحانات میں پیچھے چل رہے ہیں، پنکجا منڈے بھی پیچھے

مہاراشٹر اسمبلی انتخاب کے رجحانات کے مطابق اس وقت فڑنویس کابینہ کے 6 وزراء پیچھے چل رہے ہیں۔ بی جے پی کی اہم لیڈر پنکجا منڈے کے بارے میں بھی بتایا جا رہا ہے کہ وہ پرلی اسمبلی حلقہ سے پیچھے چل رہی ہیں۔


24 Oct 2019, 10:39 AM

سبھی سیٹوں کے رجحان برآمد، کانگریس اتحاد 98 اور بی جے پی اتحاد 160 پر آگے

ایگزٹ پول میں کانگریس اتحاد کی حالت جتنی خراب دکھائی جا رہی تھی، رجحانات میں اس کے بالکل برعکس نظر آ رہا ہے۔ اب تک سبھی 288 سیٹوں کے رجحانات میں کانگریس اتحاد 98 سیٹوں پر سبقت بنائے ہوئی ہے۔ بی جے پی اتحاد کو 160 سیٹوں پر سبقت حاصل ہے۔

24 Oct 2019, 10:28 AM

بی جے پی اتحاد رجحانات میں اکثریت کے قریب، کانگریس بھی دے رہی ٹکر

ایگزٹ پول میں کانگریس اتحاد کی حالت جتنی خراب دکھائی جا رہی تھی، رجحانات میں اس کے بالکل برعکس نظر آ رہا ہے۔ اب تک موصول 279 سیٹوں کے رجحانات میں کانگریس اتحاد 99 سیٹوں پر سبقت بنائے ہوئی ہے۔ بی جے پی اتحاد کو 151 سیٹوں پر سبقت حاصل ہے۔


24 Oct 2019, 10:02 AM

بی جے پی اتحاد رجحانات میں اکثریت کے قریب، کانگریس اتحاد بھی کر رہی اچھا

ایگزٹ پول میں کانگریس اتحاد کی حالت جتنی خراب دکھائی جا رہی تھی، رجحانات میں اس کے بالکل برعکس نظر آ رہا ہے۔ اب تک موصول 264 سیٹوں کے رجحانات میں کانگریس اتحاد 90 سیٹوں پر سبقت بنائے ہوئی ہے۔ بی جے پی اتحاد کو 144 سیٹوں پر سبقت حاصل ہے۔

24 Oct 2019, 9:28 AM

کانگریس اتحاد 75، بی جے پی اتحاد 124 اور دیگر 24 سیٹوں پر آگے

رجحانات میں بی جے پی اتحاد لگاتار آگے چل رہی ہے لیکن کانگریس اتحاد بھی اچھا کرتی ہوئی نظر آ رہی ہے۔ ایسا محسوس ہو رہا ہے کہ بی جے پی اتحاد کی حکومت اگر ریاست میں بنتی ہے تو اسے ایک مضبوط اپوزیشن کا سامنا کرنا پڑے گا۔ اس وقت 223 سیٹوں کا رجحان برآمد ہو چکا ہے جس میں بی جے پی اتحاد کو 124 سیٹوں پر سبقت حاصل ہے جب کہ کانگریس اتحاد کو 75 اور دیگر کو 24 سیٹوں پر سبقت حاصل ہے۔


24 Oct 2019, 9:04 AM

159 سیٹوں کے برآمد شروعاتی رجحانات میں بی جے پی اتحاد کو 100 اور کانگریس اتحاد کو 50 سیٹوں پر سبقت

مہاراشٹر میں بی جے پی اور کانگریس کے درمیان سیٹوں پر سبقت کا فاصلہ دوگنا ہو گیا ہے۔ کانگریس اتحاد کو جہاں 50 سیٹوں پر سبقت ملتی ہوئی نظر آ رہی ہے وہیں بی جے پی اتحاد کو 100 سیٹوں پر سبقت مل رہی ہے۔ بقیہ 9 سیٹوں پر دیگر پارٹیوں کے امیدواروں نے سبقت بنائی ہے۔

24 Oct 2019, 8:55 AM

120 سیٹوں کا رجحان آیا سامنے، کانگریس اتحاد 42 اور بی جے پی اتحاد 72 سیٹوں پر آگے

مہاراشٹر کی 120 اسمبلی سیٹوں کا رجحان برآمد ہو چکا ہے اور کانگریس اتحاد کی جو حالت ایگزٹ پول میں دکھائی جا رہی تھی اس سے کافی بہتر پوزیشن میں ہے۔ کانگریس اتحاد 42 سیٹوں پر آگے ہے جب کہ بی جے پی اتحاد 72 سیٹوں پر آگے ہے۔ دیگر پارٹیوں کے امیدوار 6 سیٹوں پر سبقت بنائے ہوئے ہیں۔


24 Oct 2019, 8:43 AM

رجحانات میں بی جے پی اتحاد نے 51 سیٹوں پر بنائی سبقت

بی جے پی اتحاد نے شروعاتی رجحانات میں 51 سیٹوں پر سبقت بنا لی ہے جب کہ کانگریس اتحاد کو 29 سیٹوں پر سبقت مل رہی ہے۔ رجحانات کے مطابق تیزی کے ساتھ بی جے پی اتحاد اکثریت کی طرف بڑھتی ہوئی نظر آ رہی ہے۔

24 Oct 2019, 8:18 AM

تازہ رجحان میں کانگریس 5 اور بی جے پی 13 سیٹوں پر آگے

مہاراشٹر سے موصول ہو رہے تازہ رجحانات میں کانگریس امیدوار 5 سیٹوں پر سبقت بنا چکے ہیں جب کہ بی جے پی امیدوار 13 سیٹوں پر سبقت بنا چکے ہیں۔ اس کے علاوہ این سی پی امیدوار 1 سیٹ پر اور شیو سینا امیدوار 6 سیٹوں پر سبقت بنائے ہوئے ہیں۔ یہ سبھی رجحانات شروعاتی ہیں اور قابل غور ہے کہ فی الحال بیلٹ پیپر کی گنتی شروع ہوئی ہے اور ای وی ایم سے کئی جگہ گنتی شروع نہیں ہوئی ہے۔


24 Oct 2019, 8:06 AM

ووٹوں کی گنتی شروع، کچھ ہی دیر میں آنے لگیں گے رجحانات

مہاراشٹر میں ووٹوں کی گنتی صبح ٹھیک 8 بجے شروع ہو گئی ہے اور کچھ ہی دیر میں رجحانات آنے شروع ہو جائیں گے۔ مہاراشٹر میں بی جے پی دفتر میں ابھی سے جشن کا ماحول ہے کیونکہ کئی ایگزٹ پول نے انھیں بہ آسانی فتحیاب ہوتے دکھایا ہے۔ بی جے پی کارکنان مہاراشٹر بی جے پی دفتر میں لڈو بھی تیار رکھے ہوئے ہیں۔

24 Oct 2019, 7:04 AM

کل 288 نشستوں پر ووٹ شماری صبح 8 بجے سے شروع ہوگی

مہاراشٹر اسمبلی انتخابات کے نتائج کے اعلان کا وقت آن پہنچا ہے اور آج یہ واضح ہوجائے گا کہ مہاراشٹر میں حکومت کون بنائے گا۔ صبح 8 بجے سے ریاست کی 288 نشستوں پر ووٹوں کی گنتی شروع ہو رہی ہے۔

ریاست میں ووٹ شماری کی ڈیوٹی کے لئے تقریباً 25 ہزار اہلکار تعینات کردیئے گئے ہیں۔ یہاں 269 مقامات پر 288 حلقوں کے لئے گنتی کی جائے گی۔ واضح رہے کہ ریاست میں 21 اکتوبر کو 61.13 فیصد ووٹنگ کے ساتھ پولنگ کا عمل اختتام پزیر ہوا تھا۔ کولہاپور کی کرویر سیٹ پر سب سے زیادہ 83.93 فیصد ووٹنگ ہوئی جبکہ جنوبی ممبئی کے کولابا علاقہ میں سب سے کم 40.11 فیصد ووٹنگ درج کی گئی۔

مہاراشٹر میں سنہ 2014 کے اسمبلی انتخابات میں بی جے پی نے 122 نشستوں پر کامیابی حاصل کی تھی اور شیوسینا کو 63 نشستوں پر پر کامیابی حاصل ہوئی تھی۔ وہیں، کانگریس نے 42 نشستوں پر جبکہ این سی پی کے کھاتے میں 41 نششتوں پر جیت درج کی تھی۔ دیگران کے کھاتہ میں 20 نششتیں گئی تھیں۔ نتائج آنے بعد بی جے پی اور شیوسینا نے اتحادیوں کے ساتھ مل کر ریاست میں حکومت بنائی تھی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔