مہارشٹر: اجیت پوار شام تک استعفیٰ دے سکتے ہیں، این سی پی کا دعویٰ

این سی پی کے ایک سینئر رہنما نے اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر کہا، ’’اجیت پوار آج شام استعفی دے سکتے ہیں، کیونکہ بیشتر ارکان اسمبلی ان پر دباؤ ڈال رہے ہیں کہ وہ شرد پوار کی حمایت کریں‘‘

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) کے رہنماؤں نے دعوی کیا کہ اجیت پوار اتوار کی شام تک مہاراشٹر کے نائب وزیر اعلی کے عہدے سے استعفی دے سکتے ہیں، کیونکہ اجیت پوار کے ساتھ جانے والے ایم ایل اے پارٹی کے سپریمو شرد پوار کی طرف لوٹ رہے ہیں۔ پارٹی کے ایک سینئر رہنما نے اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط کے ساتھ نیوز ایجنسی اے آئی این ایس کو بتایا ، ’’اجیت پوار آج شام استعفی دے سکتے ہیں، کیونکہ بیشتر ارکان پارلیمنٹ ان پر دباؤ ڈال رہے ہیں کہ وہ شرد پوار کی حمایت کریں‘‘

انہوں نے کہا کہ شرد پوار نے اجیت پوار کو واپس آنے کا پیغام بھی ارسال کیا ہے۔ تاہم، انہوں نے تاحال کسی عزم کو ظاہر نہیں کیا ہے۔ پارٹی رہنما نے یہ بھی کہا کہ ایم ایل اے پوار کی حمایت میں واپس آئے ہیں، کیونکہ ان کے انتخابی حلقوں میں لوگوں نے سینئر پوار کے نام پر ووٹ دیا تھا۔ پارٹی رہنماؤں کے مطابق ، 54 ایم ایل اے میں سے 48 شرد پوار خیمہ میں شامل ہو چکے ہیں۔


انہوں نے کہا ، ’’یہاں تک کہ بہت سے انتخابی حلقوں میں لوگوں نے ممبران اسمبلی کو یہ انتاہ دیتے ہوئے پوسٹر تک لگا دئے ہیں کہ اگر بی جے پی کو حمایت دیتے ہیں تو علاقے میں واپس نہ لوٹیں۔‘‘

واضح رہے کہ ہفتے کی صبح اجیت پوار، 10 سے 11 ممبران اسمبلی کے ساتھ گورنر بی ایس کوشیاری کے پاس گئے اور نائب وزیر اعلی کے عہدے کا حلف لیا۔ دیویندر فڑنویس نے وزیر اعلی کے عہدے کا حلف بھی اٹھایا تھا۔ فڑنویس اور ’جونیئر پوار‘ کی حلف برداری تقریب نے این سی پی، کانگریس اور شیو سینا کو حیران کر دیا تھا کیونکہ تینوں فریق مذاکرات کے آخری مراحل میں تھے۔

این سی پی کے ترجمان نواب ملک نے آئی اے این ایس کو بتایا کہ اگر ضرورت محسوس ہوئی تو تینوں پارٹیوں کے اراکین اسمبلی کو 288 رکنی ایوان میں اپنی اکثریت ثابت کرنے کے لئے ایک گھنٹہ میں ہی گورنر کے سامنے پریڈ کرا دی جائے گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔